ممبئی: عمارت کے ملبے سے 25 لاشیں برآمد

ممبئی
،تصویر کا کیپشنعمارت میں ابھی بھی کم از کم 32 افراد پھنسے ہوئے ہیں

بھارت کے شہر ممبئی میں جمعہ کو منہدم ہونے والی پانچ منزلہ عمارت کے ملبے سے اب تک 25 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

شہری حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں نے ملبے میں پھنسے مزید بتیس افراد کو بچا بھی لیا ہے جس کے بعد ملبے سے نکالے جانے والوں کی تعداد 73 ہوگئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایک اہل کار آلوک اوستھی نے بتایا کہ سنیچر کی صبح تک مرنے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

عمارت گرنے کا واقعہ ستائیس ستمبر کی صبح ممبئی کی ڈاکیارڈ روڈ پر پیش آیا تھا اور گرنے والی عمارت ممبئی میونسپل کارپوریشن کی تھی۔

عمارت گرنے کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھے اور امدادی کام شروع کر دیا گیا تھا جو ہنوز جاری ہے۔

امدادی کام میں مختلف محکموں کے پانچ سو ملازمین اور اہلکار مصروف ہیں۔

جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ کے عملے کو خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور عمارت کے ایک تنگ گلی میں واقع ہونے کی وجہ سے گاڑيوں اور مشینوں کو وہاں تک پہنچنے میں دشواری ہوئی جس کے بعد ایک دکان گرا کر گاڑیوں کے لیے راستہ بنایا گیا۔

مقامی صحافی اشون اگھور کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے نے عمارت کے ملبے سے سنیچر کی صبح تک 73 افراد کو نکال لیا ہے جن میں 32 زخمی ہیں اور باقی صحیح و سالم ہیں۔ زخمیوں کو جے جے ہسپتال اور نائر ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ممبئی میں گزشتہ چھ ماہ میں عمارت گرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اسی سال اپریل میں ایسے ہی ایک حادثے میں 72 افراد ہلاک ہوئے تھے اور جون میں گرنے والی عمارت سے 10 افراد کی لاشیں ملی تھیں جن میں پانچ بچے شامل تھے۔

ممبئی کے میئر سنیل کے مطابق تباہ ہونے والی عمارت میں ممبئی میونسپل کونسل کے مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین رہتے تھے۔ ان کے مطابق اس میں 22 فلیٹ تھے جن میں تقریباً 250 افراد مقیم تھے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ عمارت خستہ حال تھی اور یہاں رہنے والوں کو عمارت خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا تھا جبکہ عمارت کی مرمت جلد ہی شروع ہونے والی تھی۔

ممبئی کے میئر نے بتایا کہ دس سال پہلے اس عمارت کی مرمت کی گئی تھی ۔