ممبئی میں عمارت منہدم، دس افراد ہلاک

بھارت کے صنعتی شہر ممبئی کے مضافاتی علاقے ممبرا میں ایک تین منزلہ عمارت گرنے سے دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش کو آيا اور ہلاک ہونے والوں میں بعض بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق پینتیس برس پرانی اس عمارت میں نو خاندان رہائش پذیر تھے اور تقریباً ڈھائی بجے کے قریب یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سب گہری نیند سو رہے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملبے کے نیچے کئی افراد پھنس گئے تھے۔
پولیس نے ملبے کے نیچے سے دس لاشیں نکالی ہیں جبکہ چودہ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کیا گيا ہے۔
ممبئی شہر میں برسات کے موسم میں ایسے حادثات کی خبریں آتی رہتی ہیں۔گزشتہ سال دس جون کو بھی بارش کے سبب مرکزی ممبئی میں ایک چار منزلہ عمارت کےگرنے سے دس افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے تھے۔
ممبرا میں ہی چار اپریل کو ایک چار منزلہ عمارت گرنے سے چوہتر افراد ہلاک اور ساٹھ زخمی ہو گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







