ممبئی: عمارت منہدم ہونے سے 40 افراد ہلاک

بھارت کے تجارتی شہر ممبئی کے علاقے تھانے میں پولیس کے مطابق منہدم ہونے والی غیر قانونی رہائشی کے ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔
پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب بھی متاثرہ عمارت کے ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں اور جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سات منزلہ عمارت غیر قانونی طور پر محکمہ جنگلات کی زمین پر تعمیر کی جا رہی تھی اور اس کی چار منزلیں زیر استعمال تھیں۔
ایک پولیس اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعرات کی شام کو عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوا اور اس کے نتیجے میں عمارت کا پورا ڈھانچہ زمین بوس ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مزدور ہیں جو کہ عمارت میں ہی رہ رہے تھے جبکہ گیارہ بچے بھی اس حادثے میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ بیس افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
پولیس انسپکٹر ڈگمبر جنگال کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 54 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایک عینی شاہد رام لال نے بتایا کہ ’عمارت پہلے ایک طرف کو جھکی اور اس کے فوری بعد منہدم ہو گی، عمارت تاش کے پتوں کی طرح تین سے چار سیکنڈ میں زمین بوس ہو گئی‘۔
بھارت میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقۂ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







