ممبئی:کارخانے میں آتشزدگی، 5 افراد ہلاک

بھارت کے صنعتی شہر ممبئی میں ساکی ناکہ کے پاس ایک کارخانے میں آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے ہیں۔
آگ بجھانے والے عملے کا کہنا ہے کہا کہ فیکٹری میں ایک دھماکہ ہوا تھا جس کی وجہ سے آگ لگ گئی۔
حکام کے مطابق کیمیکل بنانے والے کارخانے میں دھماکے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن اس کی جانچ کی جارہی ہے۔
ان کے مطابق یہ فیکٹری اندھیری میں واقع ہے اور یہ واقعہ صبح تقریباً تین بجے پیش آيا جس کے بعد فائر بریگیڈ کی کئي گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا کام کیا۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں ہسپتال میں داخل کیا گيا تھا اور ان میں سے پانچ ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی لوگوں نے نجی ٹی وی چینل سے بات چيت میں کہا کہ دھماکے کے بعد لوگ جاگ اٹھے اور فیکٹری سے دھواں نکلتے دیکھا۔
ایک عینی شاہد سرتاج احمد کا کہنا تھا ’ہم یہاں اس وقت پہنچے جب کچھ افراد کو مدد کے لیے چلاتے ہوئے سنا ، ہم نے ایک بزرگ آدمی کو آگ سے بچایا بھی۔‘
ممبئی صنعتی شہر ہے جہاں آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔گزشتہ جنوری میں بھی جھگیوں میں آگ لگنے سے سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے ریاستی حکومت کی ایک عمارت میں آگ لگی تھی جس سے زبردست نقصان پہنچا تھا۔







