بھارت: کہیں مون سون کی تباہی تو کہیں بے رخی

آسام

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنشدید بارش کے سبب کئی علاقوں میں کمر تک پانی بھر گیا ہے

بھارت کی ریاست آسام میں موسلا دھار بارش کے بعد آنے والے سیلاب سےگذشتہ دو دنوں میں کم سے کم 11 ہو گئے ہیں جبکہ محکمۂ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں اس سال جون میں ابھی تک مون سون معمول سے کافی کم رہا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق گذشتہ دو دنوں کے دوران گوہاٹی شہر میں 11 اموات ہوئی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ جمعے کو ایک مکان گرنے سے ایک خاندان کے تین افراد ہلاک جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں دلدل میں دھسنے کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ دیگر پانچ افراد بجلی کا کرنٹ لگنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔

شدید بارش کی وجہ سے برہم پُتر ندی کے پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

بارش اور سیلاب کی وجہ سے گوہاٹی شہر کے اہم حصوں میں کئی فٹ تک پانی بھر گیا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں کھانے کا سامان اور پینے کا پانی پہنچا یا جا رہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق جمعرات کی رات تقریباً 60 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے بعد سیلاب نے خطرناک شکل اختیار کر لی۔

ممبئی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنممبئی میں مان سون کی کمی کے سبب پانی کی قلت ہو گئی ہے

گوہاٹی میں کام کرنے والی ایک خاتون رانی داس نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ’گوہاٹی کے اہم علاقوں میں اب کشتیاں ہی آنے جانے کا ذریعہ بن گئی ہیں جس کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔‘

اس پہاڑی ریاست میں کچھ مقامات پر زمین کھسکنے کی بھی اطلاعات بھی ملی ہیں اس درمیان حکام نے شہر میں سکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

بھارت کے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مان سون کی وجہ سے یہ بارش ہوئی ہے جبکہ ملک کے دوسرے حصوں میں جون کے دوران ابھی تک تقریباً 30 سے 40 فیصد تک کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے بھارت میں جون سے لے کر ستمبر تک مون سون نظام رہتا ہے۔

آسام کے وزیراعلیٰ ترون گوگوئی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانے کی کوشش کی لیکن انھیں لوگوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ آسام کے دوسرے حصوں میں بھی سیلاب کی سی صورتحال ہے جبکہ ملک کے دوسرے حصوں میں بارشوں کا انتظار ہے ۔

پانی کی اس قلت کو بھارت کی اقتصادی دارالحکومت کہے جانے والے شہر ممبئی میں صاف طور سے دیکھا جا سکتا ہے۔

جون کا تقریباً پورا مہینہ گزر جانے پر بھی ممبئی بارش کے لیے ترس رہا ہے۔

پانی فراہم کرنے والے محکمے کے مطابق اگر آئندہ ہفتے اچھی بارش نہ ہوئی تو پانی سپلائی میں 10 سے 20 فیصد تک کی کمی کرنی پڑے گی۔