ممبئی: عمارت میں آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک

ممبئی صنعتی شہر ہے جہاں آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں
،تصویر کا کیپشنممبئی صنعتی شہر ہے جہاں آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں

بھارت کے صنعتی شہر ممبئی کی ایک کثیر منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ممبئی کی ایک 26 منزلہ عمارت کی 12 ویں منزل پر جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب آگ لگ گئی تھی۔

حکام کے مطابق آتشزدگی سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے اور ان کے جسم اس قدر جل گئے ہیں کہ ان کی شناخت نہیں ہو پا رہی ہے۔

دوسری جانب آئی اے این ایس نامی خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں سات افراد ہلاک ہوئے۔

آگ لگنے کا یہ واقعہ جنوبی ممبئی کے کیپس کارنر کے پوش علاقے کی مونٹ بلینک عمارت میں پیش آيا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک اہلکارنے بتایا ’ہم ابھی تک لاشوں کی شناخت نہیں کر سکے۔‘

اس سے پہلے ریاستی حکومت کی ایک عمارت میں آگ لگی تھی جس سے زبردست نقصان پہنچا تھا
،تصویر کا کیپشناس سے پہلے ریاستی حکومت کی ایک عمارت میں آگ لگی تھی جس سے زبردست نقصان پہنچا تھا

عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا لیکن یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور بارھویں منزل پر سلینڈروں کے پھٹنے سے پھیل گئی۔

امدادی ٹیم نے کم از کم 17 افراد کو اس عمارت سے باہر نکالا جو آگ لگنے سے وہاں پھنسے ہوئے تھے۔

ممبئی صنعتی شہر ہے جہاں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

رواں برس اگست میں بحریہ آبدوز میں آتشزدگی کے سبب 18 افراد ہلک ہوئے تھے جب کہ مارچ میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔