علی سلمان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
| | پاکستان مسلم لیگ ن کےسربراہ میاں نواز شریف نے شیخوپورہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا |
پاکستان مسلم لیگ ن کےسربراہ میاں نواز شریف نے پنجاب کی انتظامیہ اور پولیس کے افسروں کو کہا ہے کہ وہ پنجاب کے موجودہ حکمرانوں کے احکامات ماننے سے انکار کردیں۔ یہ بات انہوں نے شیخوپورہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نواز شریف نے پنجاب کے گورنر راج کو غیر قانونی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ انتظامیہ اور پولیس کے افسروں سے بہت پیار کرتے ہیں اور اسی لیے ان سے کہتے ہیں بلکہ گذارش کرتے ہیں کہ (موجودہ حکمرانوں) کے احکامات غیر قانونی ہیں اس لیے وہ انہیں ماننے سے ا نکار کر دیں۔ نواز شریف نے پولیس اور انتظامیہ کے افسروں کو مخاطب کرکے کہاکہ ’شہباز شریف، مسلم لیگی اراکین اسمبلی اور عوام کے درمیان روکاٹیں کھڑی کرنے کی کوشش نہ کرنا‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر چند دن کی لاقانونیت پر مبنی گورنر راج والی حکومت ان کے خلاف کوئی کارروائی کرتی ہے تو وہ یعنی نواز شریف اس کا مداوا کریں گے اور نہ صرف واپس بحال کریں بلکہ انعام کے ساتھ بحال کریں گے۔ نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی اور پنجاب کے سابق وزیراعلی شہباز شریف کو کہہ آئے ہیں کہ وہ جاکر اسمبلی میں بیٹھیں کیونکہ ان کے بقول جعلی عدالتوں کے جعلی فیصلوں کو عوام تسلیم نہیں کرتے۔ مسلم لیگ نون کے قائد نے کہا کہ گورنر راج بھی جعلی ہے عدالتی فیصلہ بھی جعلی اور زرداری کے تمام ایکشن بھی جعلی ہیں۔ نمبر دو ہیں نہ آئینی ہیں نہ قانونی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’شہباز شریف جاؤ اس حکومت کی جو عوام کی امانت ہے اس کا تحفظ کرو‘۔ |