آصف فاروقی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | الیکشن کمشنر نے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تئیس کی نشست کو بھی خالی قرار دے دیا |
چیف الیکشن کمشنر نے قومی اور صوبائی اسملبیوں کی ان دو نشستوں کو خالی قرار دے دیا ہے جہاں سے میاں شہباز شریف انتخاب جیتے تھے اور نواز شریف انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکشن میں سپریم کورٹ کے گزشتہ روز آنے والے فیصلے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ میاں محمد شہباز شریف کو عدالت نے قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے نا اہل قرار دے دیا ہے لہٰذا ضلع بھکر سے ان کی نشست خالی ہو چکی ہے۔ پنجاب کے سابق وزیراعلٰی شہباز شریف ضلع بھکر کی نشست بھکر دو سے ضمنی انتخابات میں بلا مقابلہ کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے حلقے کے ایک ووٹر خرم شاہ کی الیکشن پٹیشن میں جب لاہور کی ہائیکورٹ نے شہباز شریف کے خلاف فیصلہ دیا تھا تو ان کی وزارت اعلٰی کو سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے سے مشروط کر دیا تھا۔ اسی طرح چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ قاضی محمد فاروق نے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تئیس میں ضمنی انتخاب کے خلاف ہائیکورٹ کا حکم امتناعی اس فیصلے کی روشنی میں ختم قرار دیتے ہوئے اس نشست کو بھی انتخابات کے لیے خالی قرار دے دیا ہے۔ اس نشست پر میاں نواز شریف ضمنی انتخاب لڑنا چاہتے تھے لیکن ان کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن پر مخالفانہ فیصلہ آنے پر الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کی درخواست پر اس حلقے میں صمنی انتخاب کو روک دیا تھا۔ |