’سندھ میں سینیٹر بلامقابلہ منتخب‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سینیٹ کے لیے سندھ کی تمام نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے والے تمام لوگ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمینٹ کے ایوان بالا یعنی سینٹ کی پچاس خالی نشستوں پر چار مارچ کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ جمعہ کو مکمل ہوگیا ہے اور سندھ کی تمام نشستوں کے نتائج خاصے واضح ہوگئے ہیں۔ صوبہ سندھ کی گیارہ نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا جس کے بعد امکان ہے کہ کاغذات کی جانچ پڑتال کے مرحلے کے بعد کاغذات منظور ہونے کی صورت میں یہ امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوجائیں گے۔ ان امیدواروں میں وزیر اعظم کے مشیر داخلہ رحمن ملک اور وفاقی وزیر فاروق ایچ نائیک سمیت پیپلز پارٹی کے آٹھ امیدوار اور متحدہ قومی موومنٹ کے تین امیدوار شامل ہیں۔ سندھ سے پیپلز پارٹی کے دوسرے امیدواروں میں گل محمد لاٹ، اسلام الدین شیخ، مولا بخش چانڈیو، ڈاکٹر کھٹومل جیون، سید فیصل رضا عابدی اور الماس پروین شامل ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے امیدواروں میں وفاقی وزیر شپنگ اینڈ پورٹس بابر غوری کے علاوہ عبدالحسیب خان اور شرالہ نشاط شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکریٹری کنور دلشاد نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 46 نشستوں کے لیے 158 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں جبکہ فاٹا یعنی قبائلی علاقوں کی چار نشستوں کے لئے 34 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول ہوئے ہیں۔ دریں اثنا کوئٹہ سے عزیزاللہ خان نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بلوچستان میں سینٹ کے انتخابات کے حوالے سے شام تک انچاس امیدواروں نے کاغذات جمع کر دیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جمعہ کو انتیس امیدواروں نے اور گزشتہ روز بیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ایک بڑی تعداد میں آزاد امیدواروں نے بھی کاغذات داخل کیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جنرل نشستوں پر پچیس امیدوار، خواتین کے لیے مختض نشستوں پر پندرہ امیدوار اور ٹیکنوکریٹس کے لیے نو امیدوار میدان میں آئے ہیں۔ | اسی بارے میں ن لیگ امیدواروں کے نام جاری12 February, 2009 | پاکستان متحدہ، امیدواروں کی نامزدگی 12 February, 2009 | پاکستان سینیٹ انتخابات، کہاں کون جیتے گا؟09 February, 2009 | پاکستان کابینہ کے پوشیدہ وزیر09 February, 2009 | پاکستان ’کاغذات منظوری پر اپیل نہیں‘08 February, 2009 | پاکستان سینیٹ ٹکٹوں کے لیے دوڑ دھوپ تیز07 February, 2009 | پاکستان چار مزید وزراء، تریسٹھ کی کابینہ26 January, 2009 | پاکستان سینیٹ انتخابات کی بھاگ دوڑ11 January, 2009 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||