شمالی وزیرستان، چھ ’جاسوس‘ قتل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دو افغان شہری اور چار پاکستانی کو مبینہ طور پر امریکہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں قتل کر دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی لوگوں کو منگل کی صبح تحصیل میرعلی کے علاقے تحصیل چوک میں چار لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیاگیا ہے۔ جبکہ دو لاشیں صدر مقام میرانشاہ سے ملی ہیں جنہیں بازار کی ایک مارکیٹ میں پھینک دیاگیا تھا۔ لاشوں کے پاس اردو میں لکھے گئے خطوط بھی ملے ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مقتولین امریکہ کے لیے جاسوسی کرتے تھے۔ خط میں خبر دار کیا گیا ہے کہ’امریکہ کے لیے جاسوسی کر نے والوں کا انجام یہی ہوگا‘۔ خطوط میں دو افراد کو افغان باشندے اور چار پاکستانی بتائے گئے ہیں۔ افغان باشندوں کا تعلق افغانستان کے مشرقی صوبہ خوست سے بتایاگیا ہے جبکہ پاکستانیوں میں دو مقامی اور دو کا تعلق ضلع کرک سے بتایا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق خط میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ شام سے پہلے اگر کسی نے لاشوں کو اٹھانے کی کوشش کی تو اس کا بھی یہی انجام ہوگا۔ تاہم مقامی لوگوں کے مطابق ایک لاش کو ان کے مقامی رشتہ داروں نے اٹھایا اور پانچ لاشیں سڑک کے کنارے پڑی ہیں اور لوگ دور دور سے صرف تماشہ دیکھنے کے لیے کھڑے ہیں۔ دو ہفتے قبل بھی شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ میں دو افغان باشندوں کو جاسوسی کے الزام میں قتل کردیا گیا تھا۔ گزشتہ بارہ دنوں میں پندرہ افراد کو امریکہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں ہلاک کیا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی اور شمالی وزیرستان میں گزشہ چھ سال کے دوران ایک سو سے زیادہ افراد کو جاسوسی کے الزام میں قتل کیا گیا ہے جس کی ذمہ داری علاقہ میں سرگرم مبینہ شدت پسندوں پر لگائی جاتی رہی ہے۔ پہلے اس قسم کے واقعات کی ذمہ داری کوئی بھی قبول نہیں کرتا تھا لیکن گزشتہ ایک ہفتے سے مقامی طالبان نے ذمہ داری قبول کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ مقامی طالبان الزام لگا رہے ہیں کہ جنوبی شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں مبینہ جاسوس ملوث ہیں۔ مقامی طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ جاسوسوں کو ہلاک کرنے کے بعد امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ حکومت اور مقامی طالبان کے درمیان دو سال پہلے ایک امن معاہدہ ہوا تھا لیکن اس کے باوجود شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ اور جاسوسی کے الزام میں لوگوں کے قتل کر نے کا سلسلہ جاری ہے۔ |
اسی بارے میں جاسوسی کے الزام میں تین قتل05 January, 2009 | پاکستان مخلوط تعلیم پر پابندی: طالبان04 January, 2009 | پاکستان 2009: دو دنوں میں دوسرا ڈرون حملہ02 January, 2009 | پاکستان سال نو کا پہلا امریکی ڈرون حملہ01 January, 2009 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||