امریکی میزائل حملہ،پانچ ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے علاقے شمالی وزیرستان میں ایک مکان پر امریکی جاسوس طیارے سے داغے گئے دو میزائل گرنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بی بی سی کے نمائندے نے مقامی لوگوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کی رات دس بجے کے قریب میران شاہ سے قریباً بارہ کلومیٹر دور مشرق کی جانب تپئی کے علاقے غونڈئی میں امریکی جاسوس طیارے سے دو میزائل فائر کیے گئے۔ تپئی کا علاقہ طالبان کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ دونوں میزائل دو سگے بھائیوں مولانا سحر گل اور سلطان محمد کے مکان پر گرے جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ہلاک ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں کہ نہیں۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ایک عام قبائلی کے مکان پر ہوا ہے۔انتظامیہ کے مطابق اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کوئی غیر ملکی شامل ہے یا نہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسیاں اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد مختلف بتا رہی ہیں اور یہ اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ ہلاک ہونے والوں میں عرب باشندے بھی شامل تھے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے اور اس میں تین عرب باشندے بھی شامل تھے۔ایک اور اطلاع کے مطابق اس حملے میں نو افراد ہلاک ہوئے جن میں چھ عرب باشندے شامل تھے۔تاہم مرنے والوں کے ناموں کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعوی کیا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں اس کے نمائندے نے اپنے گھر کی چھت سے اس حملے کے بعد شعلوں کو بلند ہوتے ہوئے دیکھا۔ اس ماہ کے آغاز میں بھی شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کی جانب سے دو گھروں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا اور اس میں بیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ستمبر کے آغاز سے اب تک امریکی فوج پاکستان کے قبائلی علاقوں پر نو میزائل حملے کر چکی ہے۔ ان کے علاوہ امریکی فوج نے ایک زمینی حملہ بھی کیا تھا۔ پاکستان کی حکومت ان حملوں پر احتجاج کرتی رہی ہے اور خاص طور تین ستمبر کو امریکی فوج کی زمینی کارروائی پر پاکستان نے شدید رد عمل کا اظہار کیا تھا جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی بھی پیدا ہو گئی تھی۔ | اسی بارے میں امریکی میزائل حملے، ہلاکتیں بیس04 October, 2008 | پاکستان باجوڑ لشکر: مزید گھرنذرِ آتش06 October, 2008 | پاکستان قبائلی لشکر: طالبان گھر نذر آتش05 October, 2008 | پاکستان باجوڑ: حکومتی عملداری کہاں تک04 October, 2008 | پاکستان امریکی حملے میں’پانچ ہلاک‘30 September, 2008 | پاکستان وزیرستان : حملہ چھ افراد ہلاک20 September, 2008 | پاکستان ایک اور امریکی حملہ، بارہ ہلاک12 September, 2008 | پاکستان شمالی وزیرستان: بچے، عورتیں ہلاک05 September, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||