بجلی کے نرخ اکتیس فیصدبڑھانے کافیصلہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکومت پاکستان نے بجلی کے نرخوں میں اکتیس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر خزانہ نوید قمر کے مطابق اس کا نوٹیفیکیشن صدارتی انتخاب کے بعد جاری کیا جائے گا۔ بجلی کے نرخوں میں اس سال ہونے والا یہ چوتھا اضافہ ہے جبکہ موجودہ حکومت نے بجلی کی قیمت میں دوسری بار اضافہ کیا ہے۔ اس سے پہلے رواں مالی سال کے بجٹ میں بجلی کے صارفین پر سولہ فیصد جنرل سیلز ٹیکس لگایا گیا تھا اور اب بجلی کے نرخ اکتیس فیصد بڑھادیے گئے ہیں۔ اس طرح اس سال یکم جولائی کے بعد بجلی کے نرخوں میں مجموعی طور سینتالیس فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے نتیجے میں بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتیں اور کرائے بھی بڑھ رہے ہیں اور عام آدمی کے لئے زندگی گزارنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ وزیر خزانہ نوید قمر کا کہنا ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمت 61 فیصد تک بڑھانے کی سفارش کی تھی تاہم حکومت نے صرف اکتیس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار کی لاگت بڑھی ہے اور اسکے نتیجے میں بجلی تقسیم کرنے والی سرکاری کمپنیوں کا خسارے میں اضافہ ہو رہا ہے اس لئے بجلی کی فراہمی بحال رکھنے کے لئے حکومت کے پاس نرخ بڑھانے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں۔ سرچارج کا مقصد واپڈا کے حکام کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک منصوبہ کی تکمیل کے لیے سرمایہ حاصل کرنا ہے۔ اس طرح نگراں حکومت نے بجلی کے نرخوں میں انچاس پیسے فی یونٹ یعنی گیارہ فیصد سے زیادہ اضافہ کیا تھا۔ ملک میں اس وقت بجلی کی قلت ہے اور اسے پورا کرنے کے لئے حکومت نے نہ صرف گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کر رکھی ہے بلکہ شہروں میں کم سے کم چھ گھنٹے اور دیہات میں کم سے کم آٹھ گھنٹے روزانہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ حکومت اس بحران کا ذمہ دار سابق حکمرانوں کو قرار دیتی ہے جنہوں نے اس کے بقول آٹھ برس کےدوران بجلی پیدا کرنے کا کوئی یونٹ نہیں لگایا۔ واپڈا حکام کے مطابق ملک میں بجلی کی یومیہ طلب سولہ سے ساڑھے سولہ ہزار میگاواٹ ہے اور اسکے مقابلے میں چار ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس کے نتیجے میں اگلے پندرہ مہینوں میں چھ ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق بجلی کی قلت پر دسمبر تک قابو پالیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایران اور وسطی ایشیاء کی ریاستوں سے بجلی درآمد کی جا رہی ہے اور کرائے کے بجلی گھروں سے پانچ سو میگاواٹ بجلی فروری 2009ء تک دستیاب ہوگی۔ | اسی بارے میں پاکستان:لوڈشیڈنگ میں کمی کااعلان07 January, 2008 | پاکستان آٹے گیس کی قلت، پشاور میں مظاہرہ 11 January, 2008 | پاکستان بجلی کا بریک ڈاؤن، تحقیقات شروع25 March, 2008 | پاکستان کراچی:بجلی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ07 April, 2008 | پاکستان بجلی بحران:گھڑیاں آگے، دکانیں جلد بند14 May, 2008 | پاکستان بجلی کی ریکارڈ قلت ختم27 June, 2008 | پاکستان پشاور میں بجلی کی کمی سے پریشانی09 August, 2008 | پاکستان بجلی کا بحران شدید تر ہو گیا28 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||