ہنگو میں ’سولہ جنگجو ہلاک‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو میں حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ دو آبہ کے مقام پر سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کےدرمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں سولہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ ضلع ہنگو کے حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ کی صبح گاڑی میں سوار مسلح عسکریت پسند ہنگو سے کہیں جا رہے تھے کہ راستے میں قائم ایک چیک پوسٹ پر سکیورٹی فورسز نے انہیں روکنے کی کوشش کی مگر انہوں نے گاڑی نہیں روکی۔ ان کے بقول اس دوران فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس میں سولہ مبینہ عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا گیا۔ تاہم آزاد ذرائع سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ مرنے والے واقعی مسلح عسکریت پسند تھے یا اس میں عام لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرنے والوں میں ایک خود کش بمبار بھی شامل ہے۔ ان کے بقول اس واقعہ میں سکیورٹی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ پاکستانی فوج کے ایک ترجمان میجرمراد نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس واقعے میں دو غیر ملکیوں سمیت سولہ مبینہ عسکریت پسند ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کے بقول ہلاک ہونے والے دونوں غیر ملکی خودکش بمبار تھے جنہوں نے فائرنگ کے دوران خود کو دھماکہ خیز مواد کے ساتھ اڑادیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جھڑپ کے دوران ایک مبینہ شدت پسند فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے اس سے گرفتار کرلیا جس سے بقول ان کے تفتیش جاری ہے۔ طالبان کے ترجمان مولوی عمر نے ضلع ہنگو میں اپنے سولہ ساتھیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے طالبان کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے اور وہ میران شاہ جارہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انکا کوئی ساتھی گرفتار نہیں ہوا ہے اور نہ ہی جھڑپ کے دوران دو خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکہ سے اڑایا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ وہ اپنے ساتھیوں کی ہلاکت کا بدلہ ضرور لیں گے۔ اطلاعات کے مطابق اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں نو جولائی کو بھی چھ عسکریت پسندوں کی گرفتاری کے بعد سخت جھڑپیں ہوئی تھیں اور اس دوران سکیورٹی فورسز کے تقریباً سترہ اہلکاروں کو ہلاک کردیا گیا تھا جنکی لاشیں کئی روز کے بعد مقامی جرگے کے حوالے کردی گئی تھیں۔ | اسی بارے میں آزاد فضا کی بجائے کرفیو میں محصور لوگ14 August, 2008 | پاکستان ہنگو: طالبان کوپناہ نہ دینے کا فیصلہ27 July, 2008 | پاکستان ہنگو: طالبان کا ایف سی قلعہ پرحملہ20 July, 2008 | پاکستان سرحد حکومت کو بیت اللہ کی دھمکی17 July, 2008 | پاکستان ہنگو: طالبان پر فوج کی گولہ باری14 July, 2008 | پاکستان سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ ’نو گو ایریا‘ میں ہوا13 July, 2008 | پاکستان ہنگو: 17 سکیورٹی اہلکار ہلاک12 July, 2008 | پاکستان ہنگو میں ایک بٹالین فوج روانہ09 July, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||