ذوالفقار علی بی بی سی، اردو ڈاٹ کام، مظفرآباد |  |
 | | | پاکستان کی فوج نے بھی جوابی کاروائی کی |
پاکستانی فوج نے سنیچر کو بھارتی فوج پر لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ان کی ایک چوکی پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ دوسری طرف بھارتی فوج نے بھی الزام لگایا ہے کہ پاکستانی فوجیوں نے ایل او سی کے پار سے بھارتی فوجیوں پر ’ایک بار پھر‘ فائرنگ کی ہے۔ پاکستانی فوج کی ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے کہا کہ لائن آف کنڑول کے دوسری جانب سے بھارتی فوج نے جنوبی ضلع رولاکوٹ میں بٹل کے علاقے میں ان کی ایک اگلی چوکی پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مشین گن اور مارٹر کا استعمال کیا لیکن ان کا کہنا ہے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فوج نے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی اور گولہ باری کایہ تبادلہ تھوڑی دیر جاری رہا۔ بھارتی فوج کے ترجمان نے کہا کہ پہلے چند شرپسند عناصر آر پی جی راکٹوں سے گرینیڈ پھینکے اور اس کے بعد فوج نے ہلکے ہتھیاروں سے دو گھنٹے تک فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جوابی حملہ نہیں کیا۔ بھارتی ترجمان نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ فائرنگ شدت پسندوں کو بھارت میں در انداز ہونے دینے کے لیے ایک طرح کا کور تھا۔ میجر جنرل اطہر عباس کا کہنا ہے ہم نے مقامی کمانڈروں کی فلیگ میٹنگ کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے تا کہ لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی وجوہات معلوم کی جاسکیں۔ جنوبی ضلع رالاکوٹ میں واقع بٹل کے مقام پر اس ماہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔اس سے قبل دس جولائی کو بھی پاکستانی فوج نے بھارتی فوج پر الزام لگایا تھا کہ اس نے بٹل کے علاقے میں ان کی اگلی چوکی پر فائرنگ کی تھی۔ یہ وہی مقام ہے جہاں انیس جون سن دوہزارآٹھ کو نامعلوم حملہ آورں کی فائرنگ سے چار پاکستانی فوجی ہلاک ہوگئےتھے۔پاک فوج کے ترجمان نے ان نامعلوم حملہ آوروں کو’ شرپسند‘ قراردیاتھا۔ کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر نومبر سن دو ہزار تین سے ہندوپاک افواج کے درمیان فائر بندی قائم ہے۔آج کے واقعہ سمیت اس سال یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ دونوں ملکوں نےایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایاہے۔ |