سوات گرلز سکول دھماکے سے تباہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے شورش زدہ ضلع سوات میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے لڑکیوں کے سکول اور کپڑے کی ایک مارکیٹ کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا ہے جس سے دونوں عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعات جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کبل تحصیل اور چار باغ میں پیش آئے۔ تھانہ کبل کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے توتانو بانڈئی میں واقع گرلز ہائی سکول میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جس کے پھٹنے سے دس کمروں پر مشتمل سکول میں پانچ کمرے مکمل طورپر منہدم ہوگئے ہیں۔ جائے وقوعہ کا دورہ کرنے والے سوات کے مقامی صحافی شیرین زادہ نے بتایا کہ دھماکے سے سکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق پانچ کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ دیگر پانچ کمرے بھی جزوی نقصان کی وجہ سے استعمال کے قابل نہیں رہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سکول سے تقریباً پانچ سو میٹر کے فاصلے پر پولیس اور فوج کی چیک پوسٹیں قائم ہیں۔ دوسرا واقعہ چارباغ کے مقام پر پیش آیا جہاں کپڑے کی ایک مارکیٹ میں دھماکے سے دس دکانیں تباہ ہوگئی ہیں۔ پولیس کے مطابق گلی باغ کے علاقے میں بھی ہئیر ڈریسر (نائی) کی ایک دکان کو نذرآتش کیا گیا ہے جس سے دکان جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی ہے۔ تاحال کسی تنظیم نے ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ مقامی انتظامیہ اس قسم کی وارداتوں کی ذمہ داری مقامی طالبان پر عائد کرتی رہی ہے۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ سوات میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران پچاس سے زائد سکولوں کو نذرآتش یا بم دھماکوں میں نشانہ بنایا جاچکا ہے جن میں اکثریت لڑکیوں کے تعلیمی ادارے بتائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس تھانوں ، چیک پوسٹوں اور ہوٹلوں پر بھی متعدد بار حملے کئے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ سوات میں سرحد حکومت اور مولانا فضل اللہ کے حامی طالبان کے مابین ایک امن معاہدہ بھی طے پاچکا ہے تاہم اس کے باوجود وہاں تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ دونوں فریق ایک دوسرے پر امن معاہدے کے خلاف ورزی کے الزامات لگاتے رہے ہیں۔ | اسی بارے میں سوات: ایک ہلاک دو زخمی25 June, 2008 | پاکستان سوات تشدد: ہوٹل، سکول نذر آتش26 June, 2008 | پاکستان سوات: کشیدگی اور ہلاکتیں29 June, 2008 | پاکستان سوات میں تشدد کا سلسلہ جاری03 July, 2008 | پاکستان سوات: حکومت و طالبان مذاکرات07 July, 2008 | پاکستان سوات میں فائرنگ، مہتمم ہلاک08 July, 2008 | پاکستان فاٹا، سرحد: دو سر بریدہ لاشیں برآمد 09 July, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||