سوات تشدد: ہوٹل، سکول نذر آتش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے شورش زدہ ضلع سوات میں حکام کا کہنا ہے کہ تشدد کے مختلف واقعات میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ایک بڑے ہوٹل اور لڑکیوں کے ایک سکول کو نذرآتش کردیا ہے جبکہ ایک پولیس چوکی کو بھی دھماکہ خیز مواد میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ سوات سے ملنے والی اطلاعات میں سرکاری ذرائع کے مطابق بدھ کی رات سو کے قریب مسلح افراد نے اہم سیاحتی مرکز مالم جبہ میں واقع پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن ( پی ٹی ڈی سی) کے ایک بڑے ہوٹل کو تیل چھڑک کر آگ لگائی جس سے پچاس کمروں پر مشتمل ہوٹل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سوات میں پی ٹی ڈی سی کے ایک اہلکار بختیار حسین نے بی بی سی کو بتایا کہ آگ سے ہوٹل سے ملحق واقع تیرہ سرونٹ کوارٹرز مکمل طوپر جل راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل میں پچاس کمرے تھے جن میں سے تیس سے زائد مکمل طورپر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ دیگر کمرے بھی جزوی طورپر تباہ ہونے کے بعد استعمال کے قابل نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہوٹل 1998 میں بیس کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا افتتاح سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کیا تھا۔ دوسرا واقعہ گزشتہ رات گئے پارڑئی کوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گرلز مڈل سکول کو آگ لگائی جس سے سکول کا فرنیچر اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ تھانہ غلیگی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آگ سے صرف سکول کے فرنیچر اور ریکارڈ تباہ ہوا ہے جبکہ سکول کی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ نامعلوم افراد نے غلیگی کے علاقے میں ایک پولیس چوکی کو بھی دھماکہ خیز مواد میں نشانہ بنایا ہے جس سے دو کمروں پر مشتمل چوکی تباہ ہوگئی ہے۔ تھانہ غلیگی کے ایک اہلکار مشرف خان نے بتایا کہ دھماکے کے وقت چوکی میں کوئی اہلکار موجود نہیں تھا۔ ادھر سوات ہی میں ایک اور واقعہ میں پیپلز پارٹی شیرپاؤ کے صدر شیر شاہ کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس میں ایک محافظ زخمی ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ تین دن قبل سوات میں مقامی طالبان اور سکیورٹی فورسز کے مابین ایک جھڑپ میں دو جنگجو کمانڈر مارے گئے تھے جس کے بعد علاقے میں تشدد کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ گزشتہ دو دنوں میں سوات میں لڑکیوں کے گیارہ کے قریب سکولوں کو نذرآتش یا بم دھماکوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ | اسی بارے میں کارروائی کا فیصلہ: اختیار فوج کا25 June, 2008 | پاکستان سوات میں لڑائی، دو طالبان ہلاک24 June, 2008 | پاکستان خیبر ایجنسی میں مزید ہلاکتیں23 June, 2008 | پاکستان ٹانک میں جھڑپ، چھ افراد ہلاک23 June, 2008 | پاکستان جنڈولہ: ہلاکتوں کی تعداد چوبیس 25 June, 2008 | پاکستان سوات: ایک ہلاک دو زخمی25 June, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||