باڑہ میں مدرسے پر خودکش حملہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں جمعرات کی صبح بظاہر ایک خود کش حملے میں حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک جبکہ اٹھارہ سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح تحصیل باڑہ سے تقریباً آٹھ کلومیٹر دور بر قمبر خیل میں تکیہ کے مقام پر واقع ایک مدرسہ میں اس وقت پیش آیا جب قران کی تدریس کے بعد چندہ جمع کیا جا رہا تھا۔ درس قرآن میں موجود ایک عینی شاہد محمد ظریف نے بی بی سی کو بتایا کہ تقریباً صبح آٹھ بجے درس قرآن کے ختم ہونے کے بعد مقامی تنظیم’امر بالمعروف‘ کے امیر حاجی نامدار چندہ جمع کر رہے تھے کہ اس دوران ایک نوجوان آگے بڑھا اور خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
ان کے بقول حملے میں حاجی نامدار تو محفوظ رہے البتہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد موقع پر پہنچنے والے ایک شخص حوال جان نے بی بی سی کو بتایا کہ بیس سے زائد زخمیوں کو اٹھاکر ڈوگرہ اور پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان زخمیوں میں سے دو افردا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں دم توڑ گئے۔ حوال جان کے مطابق خود کش حملہ آور کی لاش مدرسے میں پڑی ہے اور اس کے جسم کا اوپر کا حصہ صحیح سلامت ہے۔ حوال جان کا مزید کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور کی لاش کے ساتھ بارود بھی پڑا ہے جو دھماکہ کے وقت نہیں پھٹا۔ان کے مطابق یہی وجہ ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں زیادہ جانی نقصان نہیں ہواہے۔ خیبر ایجنسی باڑہ میں گزشتہ کئی سالوں سے کئی مقامی شدت پسند تنظیمیں ایک دوسرے کیخلاف برسر پیکار ہیں ۔ مبینہ خوکش حملے کا نشانہ بننے والے حاجی نامدار کی ’امربالمعروف‘ نامی تنظیم اور ’تکیہ‘ نامی ایک مقامی مسلح گروپ کے درمیان ماضی میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ منگل باغ کی تنظیم لشکر اسلام اور انصارالسلام کے درمیان اب بھی وقتاً فوقتاً جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جس میں درجنوں افراد مارے جا چکے ہیں۔تاہم کسی بھی گروپ پر ہونے والا یہ پہلاخودکش حملہ ہے جس سے شدید اختلافات کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ | اسی بارے میں باڑہ میں بدستور کشیدگی24 April, 2007 | پاکستان باڑہ میں تشدد، کئی افراد ہلاک23 April, 2007 | پاکستان باڑہ میں تشدد، چھ افراد ہلاک23 April, 2007 | پاکستان باڑہ میں کشیدگی، چوکیاں نذر آتش22 April, 2007 | پاکستان باڑہ: تصادم میں پانچ افراد ہلاک29 August, 2006 | پاکستان باڑہ جھڑپوں میں تین ہلاک21 July, 2006 | پاکستان باڑہ بازار: اتوار سے ایک بار پھر 15 July, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||