’پارٹی صدر ہوں مہمان اداکار نہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پیپلز پارٹی نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ وزارت عظٰمی کے معاملے پر جماعت کے اندر کوئی تقسیم پائی جاتی ہے یا پھر اس میں ’بلاضرورت‘ تاخیر کی جا رہی ہے۔ تاہم پارٹی کے سینئر رہنما اور وزارت عظمٰی کے امیدوار مخدوم امین فہیم کے ایک تازہ بیان نے اندرونی اختلافات کافی واضح کر دیے ہیں۔ جماعت کی سیکرٹری اطلاعات شیری رحمان نے پیر کو زرداری ہاوس میں صحافیوں سےبات کرتے ہوئے کسی اختلاف کے تاثر کو رد کیا اور کہا کہ پارٹی اس بابت مشاورت کے عمل میں مصروف ہے۔ ’ہماری پارٹی اس معاملے پر کافی متحرک ہے اور اتنی بڑی تعداد میں نئے اراکین اسمبلی سامنے آئے ہیں ان کی رائے لینا بھی ضروری ہے۔ ہر کوئی جماعتی قیادت کے پیچھے متحد ہے‘۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ وزارت عظمٰی کے امیدوار کا اعلان صدر پرویز مشرف کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیے جانے کے بعد کیا جائے گا۔ کافی تحمل سے کام لینے والے مخدوم امین فہیم کو پارٹی کے شریک چئرپرسن آصف علی زرداری کی جانب سے بھوربن میں ان کے خلاف ایک مختصر سے جملے نے بپھرا دیا۔ زرداری کا کہنا تھا کہ مخدوم امین فہیم کو دعوت دی گئی تھی لیکن وہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے۔ ایک نجی ٹی وی چینل پر اپنے ردعمل میں امین فہیم نے واضع طور پر کہا کہ انہیں مری اجلاس میں شرکت کی کوئی دعوت نہیں ملی تھی اگرچہ وہ سارا دن اسلام آباد میں فارغ تھے اور ان کی کوئی مصروفیت نہیں تھی۔ تاہم انہوں نے واضع طور پرغصے اور بے زاری سے وزارت عظمٰی کو ایک ’بلا‘ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نامزد نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنے ردعمل کا فیصلہ مشاورت کے بعد کریں گے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مری اجلاس میں مخدوم صاحب کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاہم ’مس کمیونیکیش‘ کی وجہ سے اطلاع ان تک نہیں پہنچ سکی تھی۔ ادھر قومی اسمبلی میں صوبہ پنجاب کے بہاولپور اور ڈی جی خان اضلاع سے نو منتخب پیپلز پارٹی کےاراکین نے اسلام آباد میں شریک چئرپرسن سے وزارت عظمٰی کے امیدوار اور نئی حکومت کی ترجیحات سے متعلق صلاح مشورے جاری رکھے۔ اس سے قبل صوبہ سرحد اور بلوچستان کے علاوہ آصف علی زرداری کراچی، لاڑکانہ، سکھر، حیدر آباد اور میرپور خاص کے اراکین ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ پارٹی بیان کے مطابق پیر کے اجلاس میں اراکین نے آصف علی زرداری کو وزیراعظم کی نامزدگی کا اختیار دیا ہے۔ شیری رحمان کی وضاحت پر مخدوم امین فہیم کا کہنا تھا کہ وہ اطلاعات کی سیکرٹری ہیں پہلے پوری معلومات اکٹھی کریں اور پھر بات کریں۔ ’انہیں چاہیے کہ وہ الیکشن کمیشن اور پارٹی دفتر سے معلوم کرلیں کہ میں پارٹی کا صدر ہوں، کوئی مہمان اداکار نہیں ہوں‘۔ اس تازہ ردِعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ مخدوم امین فہیم کی ناراضگی بدستور قائم ہے جسے ذرائع ابلاغ بھی بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔ یہ ناراضگی پیپلز پارٹی کے لیے سیاسی مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے بقول اس ناراضگی کے کسی اور شکل میں تبدیل ہونے سے قبل بہتر ہے کہ پیپلز پارٹی کےرہنما جلد از جلد آپس میں مل بیٹھ کر کدورتیں دور کرلیں۔ |
اسی بارے میں پیپلز پارٹی اختلافات کا شکار08 March, 2008 | پاکستان وزیرِاعظم کا اعلان اجلاس کے بعد06 March, 2008 | پاکستان ’ہمیں تو چاہیے غریبی فقیری‘02 March, 2008 | پاکستان اعلانِ مری پر مِلا جلا رد عمل09 March, 2008 | پاکستان شراکتِ اقتدار کا اختیار زرداری کے پاس23 February, 2008 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||