قاری سیف اللہ: جو ہمیشہ بچتے رہے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بینظیر بھٹو کے قتل کے ایک سرکردہ مبینہ کردار قاری سیف اللہ اختر کی زندگی کی کہانی کافی پراسرار اور پیچیدگیوں سے بھری ہوئی ہے۔ پاکستان کے خفیہ ادارے ہوں یا القاعدہ، افغانستان کے طالبان ہوں یا پاکستان کے ’جہادی‘، قاری سیف اللہ ان سب کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے نظر آتے ہیں۔ قاری سیف اللہ سن انیس سے اٹھاون میں جنوبی وزیرستان میں پیدا ہوئے اور انہوں نے کراچی کے بنوری ٹاؤن کے مدرسے جامعہ علوم الاسلامیہ سے تعلیم حاصل کی اور ان کے پاس درس نظامی کی سند بھی ہے۔ وہ اس مدرسے کے ان تین طالب علموں میں شامل تھے جو اٹھارہ فروری سن انیس سو اسی میں سویت یونین کے خلاف جہاد کے لیے افغانستان گئے تھے۔ قاری سیف اللہ کا اصل نام محمد اختر ہے اور ان کے عزیزوں اور دوستوں نے بعد میں ان کو سیف اللہ کہنا شروع کیا جس کا مطلب اللہ کی تلوار ہے۔ ان کے دوسرے دو ساتھی مولانا ارشاد احمد اور مولانا عبد الصمد سیال تھے۔ وہ اپنے آپ کو جمعیت الانصار الافغان کہلاتے تھے یعنی افغان لوگوں کی دوستوں کے جماعت۔ انہوں نے اپنی تین رکنی جماعت کا امیر مولانا ارشاد کو مقرر کیا۔ اس گروہ نے افغانستان کی حرکت انقلابِ اسلامی آف افغانستان میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا کیوں کہ افغان تنظیم بھی ان کی طرح دیو بندی مکتب فکر کی تھی۔ سن انیس سو اٹھاسی میں افغان جہاد کے خاتمے تک اس تنظیم میں شامل افراد کی تعداد ہزاروں میں ہوگئی تھی اور ان کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔
اسی دوران بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں علحیدگی کی تحریک شروع ہوگئی تو اس تنظیم نے اپنا نیا نام حرکت جہاد اسلامی رکھا اور نوے کی دہائی کے اوائل میں اس تنظیم نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں اپنی سرگرمیاں شروع کیں۔ تاہم یہ دونوں تنظیمیں سن انیس سو ترانوے میں ضم ہوگئیں اور انہوں نے حرکت الانصار کے نام سے نئی تنظیم بنائی اور اس کے سربراہ مولانا سعادت اللہ مقرر ہوئے۔ لیکن حرکت الانصار کے لیے اس وقت مشکلات شروع ہوگئیں جب کشمیر میں چار مغربی سیاحوں کو اغوا کرکے قتل کیا گیا۔ ان کے اغوا کی ذمہ داری الفاران نامی ایک غیر معروف تنظیم نے لی تھی۔ جس کے بارے میں کہا جاتا رہا ہے کہ وہ حرکت الانصار کا فرنٹ لائن گروپ تھا۔ لیکن اس وقت قاری سیف اللہ اختر کا نام بہت کم لوگوں کو معلوم تھا اور ان کا نام پہلی بار اس وقت سامنے آیا جب اکتوبر انیس سو پچانوے میں ان کو چار فوجی افسروں سمیت اس وقت کی وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے خلاف ناکام فوجی بغاوت کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ان پر یہ الزام تھا کہ وہ راولپنڈی میں فوجی ہیڈ کواٹر پر قبضہ کر کے، بینظیر بھٹو کی حکومت گرا کر اسلامی ریاست بنانے چاہتے تھے۔
قاری سیف اللہ چار فوجی افسروں کے ہمراہ اٹک قلعے میں قید بھی رہ چکے ہیں۔ میجر جنرل ظہیر اسلام عباسی اور برگیڈئر مستنصر بِلا سمیت چاروں فوجی افسروں کا کورٹ مارشل ہوا اور وہ سن دو ہزار ایک میں سزا مکمل کر کے رہا بھی ہوگئے۔ لیکن قاری سیف اللہ کو بغیر کسی مقدمہ چلائے نامعلوم وجوہات کی بنا پر رہا کر دیا گیا تھا۔ کشمیر میں چار مغربی سیاحوں کے اغوا اور قتل کے بعد سن انیس سو ستانوے میں امریکہ نے حرکت الانصار کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ۔ اس کے بعد یہ تنظیم دوبارہ حرکت الجہاد اسلامی اور حرکت المجاہدین میں تقسیم ہوگئی۔ اس کے بعد قاری سیف اللہ افغانستان چلے گئے جہاں وہ طالبان کے ساتھ مل کر شمالی اتحاد کے خلاف لڑتے رہے۔ اس دوران کہا جاتا ہے کہ وہ ملا عمر اور اسامہ بن لادن کے قریب آگئے اور یہ بھی کہا جاتا ہے وہاں سے اس تنظیم کا دائرہ کار کئی اور ملکوں مثلاً ازبکستان، چیچنیا اور برما تک پھیل گیا۔ قاری سیف اللہ بارہ اکتوبر سن انیس سو ننانوے میں پرویز مشرف کی طرف سے ملک کا اقتدار سنبھالنے کے بعد وہ پاکستان آئے لیکن ان کی سرگرمیاں افغانستان میں جاری رہیں۔ افغانستان میں ایک امریکی حملے کے نتیجے میں ان کا مرکزی دفتر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ان کے پچاس ساتھی ہلاک ہوگئے تھے لیکن قاری سیف اللہ محفوظ رہے۔ افغانستان میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد ان کو وہاں سے نکلنا پڑا اور وہ وزیرستان میں منتقل ہوگئے۔ ایسے میں یکسر بدلتی صورتحال میں عالمی دباؤ کے نتیجے میں حکومت پاکستان کو طالبان سے راہیں جدا کرنا پڑیں اور طالبان، ان کے حامیوں اور القاعدہ کے خلاف گھیرا تنگ ہوگیا۔
سیف اللہ اختر کے پاس اس وقت صرف دو راستے رہ گئے تھے۔ ایک یہ کہ پاکستان کا انتخاب کریں یا پھر طالبان اور القاعدہ کا۔ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کی حمایت کرنے پر پاکستان کے صدر پرویز مشرف پر برہم تھے اور کہا جاتا ہے کہ انہوں نے طالبان اور القاعدہ کا انتخاب کیا۔ سن دو ہزار دو میں قاری سیف اللہ سعودی عرب کے راستے دبئی منتقل ہوئے اور آٹھ اگست سن دو ہزار چار میں اس وقت کے وزیر اطلاعات اور نشریات شیخ رشید نے ایک اخباری کانفرنس میں اعلان کیا کہ قاری سیف اللہ کو دبئی کی حکومت نے گرفتار کر کے پاکستان کی حکومت کے حوالے کر دیا ہے۔ شیخ رشید نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ قاری سیف اللہ پاکستان میں مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھے اور ان کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے۔ ان پر پاکستان میں کئی بم حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے جن میں غیر ملکیوں پر حملے بھی شامل تھے۔ قاری سیف اللہ کو انیس مئی دو ہزار سات کو تین سال تحویل میں رکھنے کے بعد خاموشی سے رہا کردیا گیا لیکن اہم بات یہ ہے کہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں چلا۔ حالانکہ ان کی گرفتاری کو حکومت نے ایک بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔ قاری سیف اللہ اختر کے وکیل حشمت حبیب کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کو زیر زمین ایک چھوٹے کمرے میں رکھا گیا اور اس دوران ان کو اہل خانہ سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں تھی۔ وکیل کے مطابق انہوں نے ہائیکورٹ میں قاری سیف اللہ کی حبس بے جاہ کی رٹ دائر کی لیکن حکومت پاکستان نے عدالت میں یہ موقف اختیار کیا کہ وہ ان کی حراست میں نہیں ہیں۔ لیکن ستائیس مئی دو ہزار سات کو حکومت نے سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کے مقدمے کی سماعت کے دوران کہا کہ قاری سیف اللہ کو تلاش کیا گیا ہے اور وہ گھر پہنچ گئے ہیں۔ اپنی رہائی کے بعد وہ اپنے گھر میں ہیں۔ قاری سیف اللہ اختر پر متعدد الزامات ہیں جن میں دسمبر سن انیس سو ننانوے میں بھارتی جہاز کے اغوا کا الزام بھی ہے۔ اس کے علاوہ ان کو امجد فاروقی کا قریبی ساتھی بھی بتایا جاتا ہے جن پر بھارتی جہاز کے اغوا کے علاوہ بھارتی پارلیمان پر حملے کا الزام ہے۔ لیکن قاری سیف اللہ پر آج تک باقاعدہ مقدمہ چلا اور نہ ہی ان کے خلاف کچھ ثابت ہوا۔ |
اسی بارے میں سکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ کے اہم نکات08 February, 2008 | پاکستان گولی نہیں لگی: برطانوی پولیس08 February, 2008 | پاکستان بینظیر قتل کیس، مزید دو گرفتاریاں07 February, 2008 | پاکستان سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم پھر پاکستان میں07 February, 2008 | پاکستان بینظیر قتل: ’اصل سوال یہ ہے‘10 February, 2008 | پاکستان بینظیر بھٹو قاتلانہ حملے میں ہلاک27 December, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||