BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 12 February, 2008, 23:44 GMT 04:44 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’پاکستان بچانا ہےتو فوج کو جانا ہے‘

نواز شریف، آصف زرداری
فوج کی سیاست یا ملک کی سالمیت ، دونوں میں سے ایک کو چننا ہوگا:نواز شریف
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نےکہا ہے کہ فوج کےسیاسی کردار یا پاکستان کےخاتمے میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز نے فوج کے سیاسی کردار کے خاتمے کے لیے مل کر کام پر اتفاق کیا ہے۔

میاں نواز شریف اور آصف زرداری نے لاہور میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ فوج کے ملکی سیاست میں موجودہ کردار کو ختم کرنے کے لیے دونوں پارٹیوں کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ہمیں فوج کےملکی سیاست میں کردار کے خاتمے یا پاکستان کے خاتمے میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے انتخابات کے بعد مل کر حکومت بنانے کے حوالے سے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کا فیصلہ اپنی پارٹی سے مشورہ کرنے کے بعد کریں گے۔

اعتزاز احسن سے ملاقات

آصف علی زرداری نے لاہور آمد کے بعد منگل کی شام سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کےنظر بند صدر اعتزاز احسن اور میاں محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کئیں۔

اعتزاز احسن کے قریبی ساتھی آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں کوئی سیاسی بات نہیں کی گئی بلکہ آصف زرداری اعتزاز احسن کے ساتھ بینظیر بھٹو کی تعزیت کے لیے آئے تھے کیونکہ اعتزاز احسن کے سندھ جانے پر حکومت پاکستان نے پابندی لگا رکھی تھی۔

اس سے قبل آصف زرداری نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو جمہوریت کو صحیح معنوں میں آگے لے کر آنا ہوگا اور پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کو گھر جانا ہوگا۔

آصف علی زرداری نے یہ بات پنجاب میں انتخابی مہم کے سلسلے میں لاہور آمد پر ماڈل ٹاون میں واقع اپنی رہائش گاہ میں ایک پریس بریفنگ میں کہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ دشمن نے بینظیر بھٹو کو قتل کر کے پاکستان پر ضرب لگائی ہے اور پاکستان کو کمزور کیا ہے اور یہ سب ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا جا رہا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ

اسٹیبلشمنٹ راستے سے ہٹ جائے
 میرا اسٹیبلمشنٹ کو پیغام ہے کہ یہ اُن کے لیے آخری موقع ہے کہ وہ راستے سے ہٹ جائیں اور پاکستان میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع دیں۔
آصف زرداری
پاکستان میں یا تو اسٹیبلشمنٹ رہے گی یا پاکستان رہےگا۔اُنہوں نے اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دیا کہ یہ اُن کے لیے آخری موقع ہے کہ وہ راستے سے ہٹ جائیں اور پاکستان میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع دیں۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر اٹھارہ فروری کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو تو وہ ’اینٹ سے اینٹ بجانا جانتے ہیں۔،

بینظیر بھٹو کی ہلاکت کے بعد آصف زرداری کا پنجاب کا یہ پہلا دورہ ہے اُن کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب میں بینظیر کا مشن پورا کرنے آئے ہیں جو اُن کی ہلاکت کے بعد ادھورہ رہ گیا تھا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد