سرحد کےنئے گورنر کی حلف برداری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے سبکدوش ہونے والے گورنر اویس احمد غنی نے صوبہ سرحد کے نئے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر ہاؤس پشاورمیں پیر کی شام حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس طلعت قیوم قریشی نے اویس احمد غنی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس سے قبل صوبائی چیف سیکرٹری ریاض نور نے گورنر کی تقرری کا حکمنامہ پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں نگران وزیراعلیٰ شمس الملک، بعض صوبائی وزراء ، اعلیٰ سول و فوجی حکام کے علاوہ پشاور میں امریکی کونسلیٹ کے پرنسپل افسر اور ایرانی کونسل جنرل نے بھی شرکت کی۔ حلف برداری کے بعد وہاں موجود مقامی صحافی نئے گورنر سے بات چیت کرنا چاہتے تھے لیکن اخبار نوسیوں کو تقریب شروع ہونے سے پہلے ہی سرکاری طور پر بتایا گیا تھا کہ گورنر صحافیوں سے گفتگو نہیں کرینگے بلکہ کسی اور موقع پر صحافیوں کو بات چیت کےلیے دعوت دینگے۔
اویس احمد غنی صوبہ سرحد میں موجودہ ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے بلوچستان کے گورنر تھے۔ انہیں چار دن قبل سابق گورنر علی محمد جان اورکزئی کی طرف سے استعفے کے بعد سرحد کا گورنر نامزد کیا گیا تھا۔ اویس احمد غنی پانچ فروری 1951 کو پشاور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے بی ایس سی مکنیکل انجینرنگ کی۔ اویس احمد غنی پرویز مشرف کے اقتدار میں آنے کے بعد صوبۂ سرحد کے وزیر صنعت مقرر ہوئے تھے اور بعد میں انہیں وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔ ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع ژوب کے کاکڑ قبیلے کی شاخ عبداللہ زئی سے بتایا جاتا ہے۔ وہ سردار عبدالرب نشتر کے بھتیجے اور سابق چیف آف آرمی سٹاف وحید کاکڑ کے چچا زاد بھائی ہیں۔ اویس احمد غنی کا خاندان اٹھارہ سو اسی میں ژوب سے ہجرت کر کے صوبہ سرحد کے شہر پشاور میں آباد ہوا تھا۔ گورنر کی حیثیت سے بلوچستان میں اویس احمد غنی کا دور متنازعہ سمجھا جاتا ہے۔ بلوچستان میں سیاسی قائدین کے مطابق گورنر اویس احمد غنی کے دور میں بلوچستان میں فوجی آپریشن شروع کیا گیا جو ان کے بقول اب بھی جاری ہے۔ |
اسی بارے میں فوج آخری آپشن ہے: گورنر سرحد02 November, 2007 | پاکستان گورنر مغویوں کی رہائی کیلیے پرامید17 August, 2007 | پاکستان امن معاہدے کی خلاف ورزی: گورنر07 July, 2007 | پاکستان گورنر سرحد نے جرمانہ معاف کردیا23 January, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||