عزیز اللہ خان، شہزاد ملک بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پاکستان |  |
 | | | حیربیار کو چار دسمبر کو لندن میں حراست میں لیا گیا تھا |
پاکستان کے نگران وزیرِ داخلہ لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ حامد نواز نے کہا ہے کہ بلوچ قوم پرست رہنما حیر بیار مری پاکستان کو مطلوب ہیں اور ان کی برطانیہ میں ایک ساتھی سمیت گرفتاری کے حوالے سے پاکستانی وزارت خارجہ کے حکام برطانوی حکام سے رابطے میں ہیں۔ حیربیار مری بلوچ سردار خیر بخش مری کے بیٹے ہیں اور ان پر سنہ دو ہزار پانچ میں جسٹس نواز مری کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔پاکستانی وزارت داخلہ نے ان کی گرفتاری کے لیے انٹر پول سے رابطہ کیا تھا اور ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیے تھے۔ برطانوی پولیس نے چار دسمبر کو حیربیار اور ان کے ساتھی کوگرفتار کیا تھا اور برطانوی پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق انتالیس سالہ حیربیار مری اور پچیس سالہ فیض بلوچ کو گیارہ دسمبر کو لندن کی سٹی آف ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا جا رہا ہے۔ منگل کو اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ حامد نواز نے کہا کہ حیربیار کے معاملے میں وزارت خارجہ سے معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں اور ان کی جانب سے ملنے والی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حیربیار مری اور فیض بلوچ کے خلاف برطانیہ میں دہشتگردی پر اکسانے کے مقدمات درج ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ موجود نہیں ہے۔ تاہم پاکستان نے ایک سال قبل دو پاکستانیوں کو برطانیہ کے حوالے کیا تھا جو سکاٹ لینڈ میں قتل کے ایک مقدمے میں ملوث تھے۔  | | | حیربیار مری اور فیض بلوچ کے خلاف برطانیہ میں دہشتگردی پر اکسانے کے مقدمات درج ہیں |
ادھر حیر بیار مری پر دہشتگردی کے لیے اکسانے کا الزام عائد کرنے پر مری اتحاد کے ترجمان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ مری اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان کے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی سطح پر مطلوب شخص اور بلوچوں کی آواز کو عالمی سطح پر بلند کرنے والے رہنما میں فرق سمجھیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ نوابزادہ حیر بیار مری بلوچوں کی جدو جہد کو عالمی سطح پر بلند کر رہے تھے اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور حیر بیار مری کی رہائی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس کے علاوہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار عطاءاللہ مینگل نے کہا ہے کہ باہر کے ممالک اپنے جن اقدار پر فخر کیا کرتے تھے اب وہ اقدار ان ملکوں میں نہیں رہے ۔ |