بینظیر، چنگیز مری کی نامزدگی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان بار کونسل کے سابق نائب چئر مین علی احمد کرد نے پیر کو راولپنڈی کے علاوہ کوئٹہ میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے نامزدگی کرائی جبکہ بالاچ مری کے بڑے بھائی چنگیز مری نے کوہلو میں صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے اپنے کاغذات جمع کرائے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی سے کشیدگی کی اطلاعات ہیں۔ سندھ میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو کی بہن سمیت کئی سابق وزراء اور اراکین اسمبلی نے نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں۔ بینظیر بھٹو نے قومی اسمبلی کی دو نشستوں، لاڑکانہ اور شہدادکوٹ، سے فرام جمع کروائے۔ ادھر منگل کو کوئٹہ ائرپورٹ پہنچنے پر علی احمد کرد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ بعد میں انہیں ریٹرننگ افسر کی عدالت میں لایا گیا جہاں انہوں نے کوئٹہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دو سو انسٹھ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابات بے معنی ہیں۔ اور یہ کہ انہوں نے اور دیگر وکلاء نے جسٹس وجیہ الدین احمد کی ہدایات پر کاغذات نامزدگی جمع کر ائے ہیں۔ ادھر بالاچ مری کے بڑے بھائی چنگیز مری نے سبی میں قومی اسمبلی اور کوہلو میں صوبائی اسمبلی کے لیے فرنٹئیر کور کے اہلکاروں کی حفاظت میں کاغذات جمع کرائے ہیں۔ ڈیرہ بگٹی سے کشیدگی کی اطلاعات ہیں جہاں پٹ فیڈر کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک چوکی پر راکٹ داغا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی ہے اور درجن بھر افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اپنے آپ کو بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سرباز بلوچ نامی شخص نے ٹیلیفون پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سندھ میں مخدوم امین فہیم نے مٹیاری سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے فارم جمع کیا ہے، نوشہرفیروز میں غلام مصطفیٰ جتوئی کے بیٹوں اور بیٹیوں نے فارم دائر کیے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے تھرپارکر سے صوبائی اور قومی اسمبلی کے لیے فارم جمع کروائے جبکہ سابق وزیراعلیٰ اور موجودہ اسپیکر صوبائی اسمبلی مظفر حسین شاہ عمرکوٹ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہیں۔ عمرکوٹ ضلعے سے رانا چندر سنگھ کے صاحبزادے ہمیر سنگھ بھی امیدوار ہیں۔ ایک اور سابق وزیراعلیٰ علی محمد مہر نے گھوٹکی سے قومی اسمبلی کے لیے کاغد نامزدگی جمع کروائے ، خیرپور سے پیرپگارہ کے بیٹوں صدرالدین شاہ اور امتیاز شیخ نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے فارم جمع کروائے ہیں۔ کراچی میں سابق وفاقی وزیر شمیم صدیقی، سابق مشیر وسیم اختر، ایم ایم اے کے لئیق احمد، مولانا عبدالوحید، صدیق راٹھور، مسلم لیگ نواز کے سردار رحیم اور دیگر نے فارم جمع کروائے ہیں۔ سندھ میں قومی اسمبلی کی پچہتر اور صوبائی اسمبلی کی ایک سو اڑسٹھ نشستیں ہیں، جس کے لیے آٹھ ہزار دو سو پچاس فارم وصول کیے گئے تھے۔ |
اسی بارے میں آج کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے25 November, 2007 | پاکستان الیکشن بائیکاٹ، اپوزیشن کی سوچ بچار 20 November, 2007 | پاکستان بینظیر، نواز نامزدگی کی تیاری22 November, 2007 | پاکستان بینظیر کی ملاقاتیں، ایمرجنسی ایک ماہ میں اٹھانے کا عندیہ10 November, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||