اعجاز مہر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | امین فہیم قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی سربراہ ہیں |
پاکستان پیپلز پارٹی نے حزب مخالف کی تمام جماعتوں سے مختلف طرزِعمل اختیار کرتے ہوئے مجوزہ صدارتی انتخاب کے لیے صدر جنرل پرویز مشرف کے مقابلے میں اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے جنرل پرویز مشرف کو نا اہل قرار دیا تو اس صورت میں مخدوم امین فہیم صدارتی امیدوار ہوں گے۔ ان کے مطابق مخدوم امین فہیم کے کورنگ (متبادل) امیدوار کے طور پر فریال تالپور کو نامزد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ صدر مشرف کو نا اہل قرار نہیں دیتی اور حکومت نے جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات نہ کیے تو اس صورت میں پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر بھی غور کرسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ ان کی جماعت کا موقف واضح ہے کہ اگر جنرل پرویز مشرف فوجی وردی اتار دیں، دو بار سے زائد وزیراعظم منتخب نہ ہونے کی پابندی ختم کردیں اور پارٹی کی جانب سے تجویز کردہ قومی مصالحتی اقدامات اٹھائیں تو اس صورت میں پیپلز پارٹی صدر مشرف کے پارلیمان سے دوبارہ منتخب ہونے کی مخالفت تو کرے گی لیکن استعفے نہیں دے گی۔  | استعفوں پر غور  اگر سپریم کورٹ صدر مشرف کو نا اہل قرار نہیں دیتی اور حکومت نے جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات نہ کیے تو اس صورت میں پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر بھی غور کرسکتی ہے  ترجمان پیپلز پارٹی |
جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد کو وکلاء کی جانب سے نامزد کیے جانے کے بارے میں پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس پر فی الحال اس وقت تک تبصرہ کرنا قبل از وقت ہوگا جب تک جنرل پرویز مشرف کی اہلیت کا فیصلہ نہیں ہوتا۔ مبصرین کے مطابق پیپلز پارٹی نے صدر جنرل پرویز مشرف کو فوری طور پر اپنے کم از کم مطالبات تسلیم کرنے کی صورت میں پارلیمان سے صدر منتخب ہونے کے لیے ایک راستہ فراہم کیا ہے۔ امین فہیم کی کورنگ امیدوار فریال تالپور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کی بہن ہیں۔ وہ سندھ کے ضلع نواب شاہ کی ناظم بھی ہیں۔ |