عمران: نااہلی کا ریفرنس مسترد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر نااہلی کے دو ریفرنسوں کو ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ بدھ کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ قاضی محمد فاروق کی سربراہی میں قائم الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے مختصر فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف دائر ریفرنس قابلِ سماعت نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر شیرافگن نیازی اور ایم کیو ایم نے عمران خان کے خلاف نااہلی کے ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے تھے اور الیکشن کمیشن نے ان ریفرنسوں کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ انتیس اگست کو محفوظ کرلیا تھا۔ ان ریفرنسوں کی آخری سماعت پر دلائل دیتے ہوئے عمران خان کے وکیل حامد خان نے کہا تھا کہ یہ ریفرنس قابل سماعت نہیں ہیں کیونکہ ان میں جو الزامات لگائے گئے ہیں، وہ سنہ دو ہزار دو میں ہونے والے انتخابات سے پہلے کے ہیں اور اب اس وقت یہ ریفرنس دائر نہیں ہو سکتے اور نہ ہی عوامی نمائندگی کا ایکٹ ان پر لاگو ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریفرنس الیکشن کے پنتالیس دن کے اندر فائل کیا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مؤکل کے خلاف جو ریفرنس دائر ہوئے ہیں وہ نااہلیت کا نہیں بلکہ اہلیت میں مقررہ معیار سے کمی کا ریفرنس ہیں اس لیے یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت میں نہیں آتے۔ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار کی طرف سے حبیب الرحمن ایڈووکیٹ نےاس ریفرنس کے حق میں دلائل دیتے ہوئے متعدد فیصلوں کے حوالے دیے جس میں الیکشن کے پینتالیس روز بعد بھی ارکان اسمبلی کو عوامی نمائندگی کے ایکٹ کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف ایک ریفرنس امریکہ کے شہر لاس اینجلس کی ایک عدالت کی جانب سے دیے گئے اُس فیصلے کی بنا پر دائر کیا گیا ہے جس میں تیس جولائی انیس سو ستانوے کو عدالت نے کہا تھا کہ عمران خان سیتا وائٹ کی بچی کے والد ہیں۔ ایم کیو ایم نے یہ ریفرنس آئین کی شق باسٹھ اور تریسٹھ اور عوامی نمائندگی کے 1976 کے قانون کے تحت دائر کیا تھا۔ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ آئین کی متعلقہ شقوں اور قانون کے تحت غیر ازدواجی جنسی تعلقات رکھنے والا کوئی بھی شخص رکن قومی اسمبلی نہیں بن سکتا۔ عمران خان اور ایم کیو ایم میں تنازعہ بارہ مئی سے اس وقت شروع ہوا تھا جب کراچی میں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی آمد کے موقع پر پُرتشدد واقعات ہوئے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کے کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایم کیو ایم اس کی تردید کرتی ہے۔ عمران خان نے ایم کیو ایم کے خود ساختہ جلاوطن رہنما الطاف حسین پر بارہ مئی کے واقعات کا الزام لگا کر برطانوی حکومت سے انہیں ملک بدر کرنے اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ادھر الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے خلاف نااہلی کے ریفرنس کی سماعت بارہ ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ واضح رہے کہ قانون کے مطابق سپیکر ریفرنس موصول ہونے کے تیس دن کے اندر اسے چیف الیکشن کمشنر کو بھجوانے کا پابند ہے۔ چیف الیکشن کمشنر ریفرنس الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے گا اور کمیشن چیف الیکشن کمشنر کو ریفرنس موصول ہونے کی تاریخ کے تین ماہ کے اندر فیصلہ دینے کا پابند ہوگا۔ |
اسی بارے میں ریفرنس الیکشن کمشنر کے حوالے20 June, 2007 | پاکستان ہم پکا ہاتھ ڈالیں گے: عمران خان28 May, 2007 | پاکستان لندن میں مقدمہ دائر کریں گے: عمران14 May, 2007 | پاکستان کراچی کی دیواریں، عمران مخالف نعرے28 May, 2007 | پاکستان عمران خان لندن پہنچ گئے02 June, 2007 | پاکستان کراچی ضرور جاؤنگا: عمران خان27 May, 2007 | پاکستان ’یہ تحریک انصاف کی تحریک ہے‘04 May, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||