ہم پکا ہاتھ ڈالیں گے: عمران خان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان تحریکِ انصاف کےسربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ لندن میں الطاف حسین کے خلاف مقدمہ کرنے کے لیے ثبوت اکھٹے کر رہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ داخلہ نصیراللہ بابراور ایم کیو ایم (حقیقی) سے فائلیں اکٹھی کی ہیں جبکہ ایسی بیواؤں نے بھی ان سے رابطہ کیا ہے جن کے خاوند قتل ہوئے اور وہ قتل کے مقدمات لڑ رہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کی صبح لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عمران خان نے کہا کہ کسی بھی مقدمہ کے دائر ہونے سے پہلے ثبوت تیار کرنے ہوتے ہیں جو وہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ’ ہم پوری طرح تیاری کرکے مقدمہ لڑیں گے اور پکا ہاتھ ڈالیں گے‘۔ عمران خان نے کہا کہ لندن سے ہاؤس آف لارڈز کے ممبر بیرن نکلسن نے ان سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلووے سے بات ہوئی ہے جو لندن میں ان سے ٹی وی انٹرویو کریں گے جبکہ اس کےعلاوہ پاکستانی نژاد لارڈ نذیر اور ممبران پارلیمان خالد محمود، محمد سرور اور دیگر برطانوی سیاستدانوں سے بات چیت جاری ہے۔ عمران خان کو اتوار کو کراچی جانے سے روک دیا گیا تھا۔ ان پرحکومت سندھ نے تیس روز کے لیے صوبے میں داخلے پر اور حکومت پنجاب نے تین روز کے لیے لاہور سے باہر جانے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ ان پابندیوں کو توڑنے کی کوشش نہیں کریں گے بلکہ اس کے خلاف لاہور اور کراچی کی اعلٰی عدالتوں میں رٹ دائر کریں گے۔
عمران خان سے پوچھا گیا کہ کیا ان پابندیوں کی وجہ سے ان کا لندن جانے کا پروگرام متاثر ہوسکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ ’اس کے لیے حکومت کومیرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنا ہوگا لیکن وہ کس بنیاد پر ایسا کر سکتے ہیں؟‘ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا صرف اس وجہ سے کہ میں الطاف حسین کے خلاف لندن میں مقدمہ دائر کرنے والا ہوں، میرا نام ان لوگوں کی فہرست میں ڈال دیا جائےگا جن پر بیرون ملک جانے کی ممانعت ہے؟۔ جب انہیں کہا گیا کہ ایم کیو ایم بھی ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا سوچ رہی ہے تو انہوں نے کہا کہ ’شکر ہے کہ ایم کیو ایم نے میرے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی بات کی ہے اور یہ نہیں کہا کہ میری لاش بوری میں بند ملے گی‘۔ عمران خان نے کہا کہ بارہ مئی کی خوں ریزی اوراب انہیں کراچی جانے سے روکنا پاکستان کے خلاف ایک سازش کا حصہ ہے کیونکہ ایک شخص ’جناح پور‘ بنانے کی کوشش کر رہاہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الطاف حسین نے کچھ عرصہ قبل دہلی میں ہندوستان ٹائمز کے زیر اہتمام ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا بننا برصغیر پر سب سے بڑا ظلم ہے جس کی ویڈیو ٹیپ ان کے پاس موجودہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ خوداس سیمنارمیں شرکت لیے گئے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے تھے کہ پورے دہلی میں الطاف حسین کی تصاویر لگی تھیں۔ بعد میں ایک اخبارنویس نے انہیں بتایا کہ یہ تصاویر ہندوستان کی خفیہ ایجنسی’را‘ کے کہنے پر لگائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مشرف اور الطاف حسین دونوں مہاجر کارڈ استعمال کررہے ہیں اور بارہ مئی کو الطاف حسین نے اپنے خطاب میں یہ تاثر دیا تھا کہ وہ صدر مشرف کے مہاجر ہونے کی وجہ سے ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ لاہور سے باہر جانے کی پابندی کی وجہ سے عمران خان پیر کو سرگودھا اور خوشاب کی ڈسٹرکٹ بارز سے خطاب کے لیے نہیں جاسکے۔ عمران نے کہا کہ انہیں ہری پور،مانسہرہ ایبٹ آباد کی بار کونسلوں سے خطاب کرنا تھا اور اٹک جانا تھا لیکن ان کے بقول حکمرانوں نےگھبرا کر ان پر پابندی عائد کردی ہے۔ | اسی بارے میں کراچی ضرور جاؤنگا: عمران خان27 May, 2007 | پاکستان لاہور سے جانا منع، کراچی آنا منع27 May, 2007 | پاکستان عمران معافی مانگیں:ایم کیوایم26 May, 2007 | پاکستان عمران معافی مانگیں:ایم کیوایم26 May, 2007 | پاکستان ’الطاف حسین پر مقدمہ کروں گا‘22 May, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||