تشدد نہ کرنے والوں کیلیے عام معافی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکومت نے کہا ہے کہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ کے طلبا و طالبات میں سے تشدد کی کارروائیوں میں حصہ نہ لینے والوں کو عام معافی دی جائے گی۔ وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات طارق عظیم نے بدھ کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز اور ان کے چھوٹے بھائی عبدالرشید غازی سمیت تمام ایسے افراد جو کے تشدد کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اُن کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دو سو پچاس کے قریب طلبا اور تقریباً سو بچیوں نے خود کو حکام کے حوالے کر دیا ہے جن میں سے اکثر کو اُن کے خاندان والوں کے حوالے کرنے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق لال مسجد اور اس سے ملحقہ مدرسہ جامعہ حفصہ میں ’دو سے پانچ ہزار تک مرد و خواتین کے موجود ہونے کی اطلاعات ہیں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اب بھی چاہتی ہے کہ مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رضا کارانہ طور پر خود کو حکام کے حوالے کرنے والوں کو حکومت کی جانب سے پانچ پانچ ہزار روپے دیے جا رہے ہیں تا کہ وہ اپنے گھروں کو جا سکیں۔
وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ ایسے تمام افراد جنہوں نے سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ہے ان کے لیے نہ تو عام معافی ہے اور نہ ہی اُن سے کوئی رعایت برتی جائے گی۔ لال مسجد کے رہنماؤں کے حوالے سے انہوں نے کہا: ’مولانا برادران سمیت ایسے تمام افراد کو جو تشدد بھڑکانے اور سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں، ان کو قانون کے مطابق مقدموں کا سامنا کرنا پڑے گا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ لال مسجد تصادم میں کُل دس افراد ہلاک جبکہ چورانوے زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لال مسجد کے قابضین نے غیر قانونی طور پر قبضہ کی ہوئی سرکاری عمارتوں کو خالی نہ کیا تو حکومت کارروائی ضرور کرے گی البتہ فی الحال حکومت مہلت یا ڈیڈ لائن متعین نہیں کر رہی تاکہ مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں کی جا سکیں۔ |
اسی بارے میں لال مسجد کے حق میں مظاہرے03 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: فائرنگ جاری، ہلاکتوں میں اضافہ03 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: ہتھیار ڈالنے کے لیے ایک اور مہلت03 July, 2007 | پاکستان سات سو طالبات اور طلبا باہر نکل آئے ہیں: حکام04 July, 2007 | پاکستان ’نہ مہلت کا علم ہے نہ کسی کو روکا‘04 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: ایک صحافی ہلاک03 July, 2007 | پاکستان لال مسجد فائرنگ اڑسٹھ زخمی03 July, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||