BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 30 May, 2007, 08:51 GMT 13:51 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’پاکستانی فوج کرائے کی نہیں‘

پاک فوج (فائل فوٹو)
پاک فوج کاسب سے زیادہ نقصان صومالیہ میں ہوا جہاں بیالیس فوجی ہلاک ہوئے: ترجمان
پاکستان کے فوجی ترجمان میجر جنرل وحید ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج کرائے کی فوج نہیں ہے اور نہ ہی ’ڈالر فار سولجر‘ کی سوچ پر یقین رکھتی ہے۔

یہ بات انہوں نے ’انٹرنیشنل ڈے آف یو این پیس کیپرز‘ کے موقع پر منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع اور اقوام متحدہ کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کردہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

فوجی ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان دنیا میں امن کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کی درخواست پر فوج فراہم کرتا ہے اور عالمی ادارے کو دنیا میں سب سے زیادہ فوج فراہم کرنے والا ملک ہے‘۔

متحدہ مجلس عمل کے سینیٹر پروفیسر خورشید کے سوال کا جواب دیتے ہوئے میجر جنرل وحید ارشد نے کہا: ’ہم کرائے کی فوج نہیں ہیں بلکہ ایک پروفیشنل آرمی ہیں‘۔

فوجی ترجمان کے جواب کے دوران پروفیسر خورشید نے مداخلت کی اور کہا کہ انہوں نے پاکستان فوج کو کرائے کی فوج نہیں کہا بلکہ یہ کہا کہ اقوام متحدہ کی عالمی امن افواج میں سب سے زائد ترتیب وار پاکستان، بنگلادیش، بھارت اور نیپال نے فوجی فراہم کیے ہیں، کیا یہ خطہ کرائے کی فوج دیتا ہے؟

جس کے جواب میں میجر جنرل وحید ارشد نے کہا کہ وہ بھی اُسی تناظر میں جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان فوج کے دس ہزار سے زائد فوجی اقوام متحدہ کی امن فوج میں اپنے فرائص سرانجام دے رہے ہیں اور یہ تعداد امن فوج کی کل تعداد کا بارہ فیصد بنتا ہے۔

فوجی ترجمان نے بتایا کہ تاحال اٹھانوے پاکستانی فوجی اپنی جان کا نذرانہ دے چکے ہیں جبکہ ترانوے فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق پاک فوج کا سب سے زیادہ نقصان صومالیہ میں ہوا جہاں بیالیس فوجی ہلاک اور ساٹھ کے قریب زخمی ہوئے۔

’فوج پر الزامات‘
 کانگو میں سونے کی خاطر مقامی شدت پسند گروہوں کو اسلحہ دینے کے متعلق پاکستان فوج پر بی بی سی کی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کا تاحال کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا ہے۔ اقوام متحدہ ان الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے
پاک فوج کے ترجمان

تقریب میں سینیٹ کمیٹی کے چند اراکین کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء اور طالبات بھی شریک ہوئے اور ایک طالبعلم کے سوال کے جواب میں فوجی ترجمان نے کہا کہ پاکستان ’ڈالر فار سولجر‘ کی سوچ پر یقین نہیں رکھتا بلکہ ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت میں اقوام متحدہ سے تعاون کرتا ہے۔

ایک اور طالبعلم کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کانگو میں سونے کی خاطر مقامی شدت پسند گروہوں کو اسلحہ دینے کے متعلق پاکستان فوج پر بی بی سی کی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کا تاحال کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا اور ابھی اقوام متحدہ ان الزامات کی تحقیق کر رہا ہے۔

بعد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کانگو میں پاکستانی فوجیوں پر کاروبار کے متعلق بی بی سی کی رپورٹ کو من گھڑت قرار دیا۔ جب ان سے پوچھا کہ ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے سنہ دو ہزار پانچ کی رپورٹ میں یہ الزام لگایا تھا کیا اس کے بعد پاکستان نے خود کوئی تحقیقات کی تو انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد ہی کچھ کہہ سکتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر دفاع راؤ سکندر اقبال، سینیٹر نثار احمد میمن اور اقوام متحدہ کے نمائندوں نے دنیا کے مختلف مصیبت زدہ علاقوں میں امن کے قیام میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت دنیا کے اٹھارہ امن مشنز میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے ایک لاکھ سے زائد دستے تعینات ہیں جس پر سالانہ پانچ ارب ڈالر اخراجات آتے ہیں۔ یہ اخراجات عالمی فوجی اخراجات کا صفر اعشاریہ پانچ فیصد بنتے ہیں۔

ان کے مطابق اقوام متحدہ کی امن فوج میں اپنی زیادہ فوج دینے والے پانچ بڑے ممالک میں ترتیب وار پاکستان، بنگلادیش، بھارت، نیپال اور اردن ہیں۔ جبکہ اس کے لیے رقم فراہم کرنے والے پانچ بڑے ممالک میں ترتیبوار امریکہ، جاپان، جرمنی، برطانیہ اور فرانس شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سنہ دو ہزار چھ میں ان کے ایک سو فوجی ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سرد جنگ کے خاتمے کے بعد اقوام متحدہ کے امن آپریشنز میں چار سو فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

’ کاروباری مفادات‘
فوج پرعائشہ صدیقہ کی کتاب سے اقتباسات
جنرل مشرف کے نام۔۔
’فوجی سربراہ کے عہدے پر سیاسی رنگ چڑھ گیا‘
فوجفوج کا سویلین کھاتہ
فوجیوں کی پینشن سویلین کھاتےمیں
اسی بارے میں
285 سویلین عہدوں پر فوجی
11 May, 2007 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد