سرحد، کشمیر: بارشیں، بیس ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شدید بارشوں، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بی بی سی اردو کے نمائندے ہارون رشید کے مطابق سرحد کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے وقفے وقفے سے بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری تھا تاہم پیر کی رات اس میں کافی شدت آ گئی اور صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت اکثر علاقوں میں تمام رات تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ مردان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شیرگڑھ کے علاقے میں بارش کی وجہ سے ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک ماں اور اس کے چار بچے ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں چھبیس سالہ ذکیہ اور اس کے سات سے لے کر تین برس تک عمر کے چار بچے شامل ہیں۔ سوات کے قریب گولیگرام کے علاقے میں مکان کی چھت پہاڑی تودہ گرنے سے منہدم ہوگئی جس سے پانچ افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔ضلع چترال میں بھی کل رات بھر شدید برفباری ہوئی ہے جس سے اس کا زمینی رابطہ ملک کے دیگر حصوں سے کٹ گیا ہے۔ چترال سے منسلک ضلع دیر میں بھی بارشوں سے دس مکانات گرنے کی اطلاعات ہیں تاہم اس واقع میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی بارشوں کے باعث کم از کم دس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بی بی سی اردو کے ذوالفقار علی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کےعلاقے باغ کے ایک گاؤں جبڑ دھڑا میں ایک گھر تودے کی زد میں آیا جس کی وجہ سے گیارہ افراد زندہ دب گئے۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں دس افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ان کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ ایک شخص اب بھی ملبے کے نیچے ہے اور مقامی لوگ اسے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں چار بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔ گزشتہ رات سے جاری بارشوں کے باعث نالوں میں طغیانی اور تودے گرنے کی وجہ سے باغ کا رابطہ بقیہ علاقوں سے منقطع ہوچکا ہے۔ وادی نیلم اور وادی جہلم کے علاقوں کو جانے والی سڑکیں بھی تودے گرنے کے باعث بند ہوچکی ہیں جبکہ مظفرآباد کو اسلام آباد سے ملانے والی دو سڑکوں میں سے ایک بند ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث تودے گرنے کے خطرے کی وجہ سے مظفرآباد کے نواح میں بیس خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے اور اگر بارشیں جاری رہیں تو اس علاقے سے مزید خاندانوں کومحفوظ مقام پر منتقل کرنا پڑے گا۔ بارشوں کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے کے باعث متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور روزمرہ کے کام بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں ۔ | اسی بارے میں برف کا تودہ گرنے سےدس فوجی ہلاک02 March, 2007 | پاکستان پہاڑی تودے تلے دب کر تیرہ ہلاک24 February, 2007 | پاکستان کوٹلی حادثہ: ایک اور مسافر چل بسا06 January, 2007 | پاکستان برساتی نالے میں طغیانی، سترہ ہلاک04 July, 2006 | پاکستان کشمیر: ٹریفک حادثہ، چھ ہلاک24 May, 2006 | پاکستان بس پر تودہ گرنے سے سات ہلاکتیں06 January, 2006 | پاکستان کوٹلی: تودہ گرنے سے چودہ ہلاک06 January, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||