BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 19 January, 2007, 20:45 GMT 01:45 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اسلام آباد میں کشمیر کیلیے مظاہرہ

کشمیریوں کا احتجاجی مظاہرہ
مظاہرہ عین اس وقت ہوا جب صدر مشرف اور کشمیری قیادت کے درمیان ملاقات جاری تھی
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی اعتدال پسند آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں کی آمد پر جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے پاکستان اور حریت کانفرنس کے رہنماؤں پر کشمیر کے معاملے پر لچک کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کشمیر کے تنازع کا حل سیاست میں نہیں بلکہ جہاد میں ہے۔

تاہم مظاہرے سے قبل احتجاج میں شرکت کے لیے دوسرے علاقوں سے آنے والے 200 افراد کو اسلام آباد داخل ہونے سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا اور انہیں دفعہ 144 کے تحت اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔ حکام کے مطابق ان افراد نے مظاہروں پر پابندی کی خلاف ورزی کی ہے تاہم ان افراد کو مظاہرے میں شرکت سے قبل ہی گرفار کیا گیا تھا۔

مظاہرین نے پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف نعرہ بازی کی اور کشمیر کے حل لیے اب تک پیش کی گئی ان کی تجاویز کو مسترد کر دیا۔

آبپارہ میں یہ مظاہرہ عین اس وقت ہوا جب لائن آف کنڑول کی دوسری جانب سے آنے والی کشمیری قیادت پاکستانی صدر کے ساتھ کشمیر کے معاملے پر بات چیت میں مصروف تھی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں کشمیر کی مکمل آزادی کے علاوہ کوئی حل قبول نہیں۔ اس مظاہرے شامل ایک شخص کا، جس نے اپنا تعارف ابو بدر کے نام سے کرایا، کہنا تھا ’ ہم پرویز مشرف یا کسی حریت کے رہنما کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کشمیر پر سودا بازی کریں۔ کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد جاری رہے گا‘۔

جہاد جاری رہے گا
 ہم پرویز مشرف یا کسی حریت کے رہنما کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کشمیر پر سودا بازی کریں۔ کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد جاری رہے گا
ابو بدر

انہوں نے کہا ’پاکستانی اور کشمیری قیادت اپنی جانیں دینے والوں کی قربانی سے غداری کرنے سے اجتناب کریں۔ مجاہدین کی قربانیوں سے کسی کو غداری کی اجازت نہیں دیں گے‘۔ ابو بدر نے بتایا کہ ان کا ایک بیٹا سنہ دو ہزار میں بھارتی افواج کے ساتھ لڑتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا۔

اس موقع پر بعض جہادیوں نے جہادی ترانے بھی پیش کیئے۔ مظاہرے میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جاری عسکری تحریک کے دوران ہلاک ہونے والے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے خاندان والوں نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے جہادی اور دینی مدارس کے طلبہ بھی اس مظاہرے میں موجود تھے۔ مظاہرے میں موجود ایک شخص نے حسن برکی کے نام سے اپنا تعارف کرایا اور دعویٰ کیا کہ وہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں برسرپیکار کالعدم تنظیم جیش محمد کے ترجمان ہیں۔

برکی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنے بچوں کے خون کا حساب مانگنے آئے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں نے اپنی جانیں کیوں دیں۔ انہوں نے پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر پر اپنے دیرینہ مؤقف سے دستبردار ہو گیا ہے اور نت نئی تجاویز پیش کرنے میں لگا ہوا ہے۔ ’حریت کانفرنس کی قیادت بھی پاکستان کی باتوں میں آ رہی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ مجاہدین کو کشمیر کی بھارت سے مکمل آزادی سے کم کوئی بھی حل قبول نہیں ہے۔ ’ مسئلہ کشمیر سیاست اور سفارت کاری حل نہیں ہو گا‘۔

کشمیریوں کا احتجاجی مظاہرہ
ایک شخص نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ہلاک ہونے والے اپنے بھائی اور اس کے ساتھی کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں

حسن برکی کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہونے والی نام نہاد کوششوں میں نہ تو مجاہدین کو کبھی اعتماد میں لیا گیا ہے اور نہ ہی وہ کسی ایسے عمل کا حصہ بننا چاہتے ہیں جو مجاہدین کے خون سے غداری کے مترادف ہو۔ ’مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان اور کشمیر کی سیاسی قیادت کے ہاتھ میں نہیں رہا، اس کا حل صرف مجاہدین کے ہاتھ میں ہے جو (کشمیر کی) مکمل آزادی چاہتے ہیں‘۔

مظاہرین نے کتبے اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جن میں سے ایک بینر پر درج تھا ’اندرونی خود مختاری یا سرحدوں کی نرمی قابل قبول نہیں‘ جبکہ ایک کتبے پر لکھا تھا ’مجاہدو قدم بڑھاؤ ہم تمھاے ساتھ ہیں‘۔

ایک شخص نے اپنے بھائی اور اس کے ساتھی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ہلاک ہوئے ہیں۔

مظاہرہ کے دوران اگرچہ سینکڑوں پولیس اہلکار موقع پر موجود تھے لیکن انہوں مظاہرین کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، بلکہ آب پارہ کی طرف آنے والی تمام سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

اسی بارے میں
اس بار بھارت پر الزام نہیں
16 January, 2007 | پاکستان
’کشمیر پر قراردادیں بےکار‘
19 December, 2006 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد