تحقیق کے لیئے اڑتالیس کروڑ منظور | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکومت پاکستان نے صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں زلزلہ انجینئرنگ مرکز کو توسیع دے کر اسے بین القوامی معیار کاادارہ بنانے کے لیئے اڑتالیس کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ مرکز یونیورسٹی آف انجینئرنگ پشاور میں دو ہزار تین میں اڑتیس کروڑ روپے کی رقم سے قائم کیا گیا تھا۔ اس مرکز میں زلزلے سے بچاؤ اور تعمیرات میں نقصانات کم سے کم کرنے جیسے اہم مسائل پر تحقیق کی جاتی ہے۔ آٹھ اکتوبر کے تباہ کن زلزلے کے بعد اس مرکز کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے وائس چانسلر سید امتیاز حسین گیلانی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اب وفاقی و صوبائی حکومتوں نے اس مرکز کی افادیت اور اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اسے قومی اور بین القوامی سطح کا ایک مرکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے‘۔ پلاننگ کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر اکرم شیخ نے گزشتہ دنوں ایک اجلاس میں اس رقم کی منظوری دی۔ امتیاز حسین گیلانی کا ماننا تھا کہ اس توسیع سے انسانی وسائل کو جدید سہولتوں کے مدد سے زیادہ بہتر انداز میں نکھارا جا سکے گا۔ ’اس مرکز کا بنیادی مقصد ملک کو آٹھ اکتوبر کے تباہ کن زلزلوں سے بہتر اور موثر حکمت عملی کے ذریعے مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے‘۔ اکتوبر کے زلزلے کے بعد مرکز نے صوبائی حکومت کو متاثرہ پانچ اضلاع میں تعمیراتی ڈیزائن اور کوڈ کی تیاری میں مدد دی۔ یہ مرکز زلزلہ انجینئرنگ کے مضمون میں پاکستان کا پہلا پی ایچ ڈی ماہر بھی تیار کر چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کہ پاکستان میں ان پی ایچ ڈیز کی ضرورت ہے، سید امتیاز حسین گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ سٹرکچرل انجینئرنگ کی ہی ایک شاخ ہے جس کا فرق صرف اتنا ہے کہ یہ ایسی عمارتیں تعمیر کرنے پر تحقیق کرتے ہیں جو زلزلے کی اثرات سے محفوظ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ’جہاں بھی سٹرکچرل انجینئرز کی ضرورت ہوگی وہاں یہ انجینئر بھی کام کر سکیں گے‘۔ اس مرکز کی افادیت کے بارے میں وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اگر ماضی میں تعمیرات ایسے مرکز کی تحقیق کے تحت ہوتیں تو نقصانات بہت کم ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ’اس سرمایہ کاری سے مستقبل میں نقصانات کو کم کیا جاسکتا ہے‘۔ آٹھ اکتوبر نے جہاں انسانی مدد اور ایثار کے جذبات کو نکھارا وہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس نے حکومت کو مستقبل کی فکر سے بھی دوچار کیا ہے۔ اس مرکز کی توسیع اسی سوچ کا نتیجہ ہے۔ |
اسی بارے میں 23 دیہات کے انخلاء کا فیصلہ27 June, 2006 | پاکستان زلزلہ: بچھڑنے والے افراد کی تلاش08 June, 2006 | پاکستان تعمیر نو میں پانچ سال 23 May, 2006 | پاکستان تعمیر نو کی نگرانی کا نیا نظام23 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||