’گیس: قیمت کاجلد تعین کیاجائے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صدر جنرل پرویزمشرف نے ایران گیس پائپ لائن کے منصوبے میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے ایران کے اول نائب صدر پرویز داؤدی پر زور دیا ہے کہ گیس کی قیمتوں کے جلد تعین کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ ایران کے اول نائب صدر پرویز داؤدی جو دو روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں اور انہوں نے جمعہ کے روز صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں دو طرفہ تجارت بڑھانے اور اس ضمن میں دو نئے ’پروٹوکولز‘ پر دستخط کرنے پر اطمینان ظاہر کیا۔ ایرانی اول نائب صدر نے صدرِ مملکت کو یقین دلایا کہ گیس کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ جلد ماہرین کی سطح پر حل کرلیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکہ نے ایران۔ پاکستان۔ بھارت گیس پائپ لائن کے منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے تجویز دی تھی کہ وسطی ایشیا سے گیس لینے کے لیے پائپ لائن بچھائی جائے۔ بھارت اور پاکستان نے امریکہ کی مخالفت کو مسترد کرتے ہوئے ایران سے گیس منگوانے کے منصوبے پر کام جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان کی حکومت کئی بار کہہ چکی ہے کہ وہ اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کسی بھی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے اور سات ارب ڈالر سے زائد لاگت والے ایران گیس پائپ لائن کے منصوبے پر عمل کریں گے۔ ایرانی اول نائب صدر سے ملاقات کے دوران صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ وہ عالمی جوہری ایجنسی کے ضوابط کے مطابق ایران کے پرامن مقاصد کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے حصول کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہے اور چاہتا ہے کہ ایران کا جوہری تنازعہ محاذ آرائی کے بجائے بات چیت سے حل کیا جائے۔صدر نے فریقین پر اپنے موقف میں لچک پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔ ایران کے اول نائب صدر ڈاکٹر داؤدی نے پاکستان کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی میں جوہری اسلحہ رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ان کے مطابق ایران اس بارے میں ہر قسم کی یقین دہانی کے لیے تیار ہے۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے اس موقع پر ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے گزشتہ سال آٹھ اکتوبر کے زلزلے کے متاثرین کے لیے دی گئی مدد پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ | اسی بارے میں گیس پائپ لائن اڑا دی گئی29 October, 2005 | پاکستان لوٹی گیس فیلڈ: پائپ لائن تباہ04 February, 2006 | پاکستان ڈیرہ بگٹی: اہم گیس پائپ لائن تباہ15 February, 2006 | پاکستان کوئٹہ: گیس پائپ لائن میں دھماکہ22 February, 2006 | پاکستان کوئٹہ: گیس پائپ لائن اڑا دی گئی24 February, 2006 | پاکستان پنجاب سےگیس کی ترسیل بند26 February, 2006 | پاکستان پاکستان اور ایران کا گیس سمجھوتہ30 April, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||