بم دھماکہ خودکش حملہ تھا:پولیس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی صبح امریکی قونصل خانے کے نزدیک ہونے والا بم دھماکہ دراصل خودکش حملہ ہی تھا۔ تاہم ابھی تک پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں کوئی گرفتاری نہیں کی ہے۔ اس حملےمیں امریکی سفارت خانے کے دو اہلکاروں سمیت کم سے کم چارافراد ہلاک ہوگئے تھے۔ صبح ہونے والے واقعے کے بعد سے ہی اس بات کی مسلسل قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ آیا یہ کوئی خودکش حملہ تھا یا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا دھماکہ۔ لیکن شام میں کراچی پولیس کے سربراہ نیاز صدیقی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ تحقیقات میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے نتیجے میں یہ بات یقینی ہوگئی ہے کہ حملہ ٹائم بم یا ریموٹ کنٹرول بم کا نتیجہ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک ملنے والے شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ خودکش حملہ آور بھی اس واقعے میں ہلاک ہوگیا۔ ان کے مطابق بالکل درست عمر تو نہیں بتائی جاسکتی لیکن اندازاً حملہ آور کی عمر تیس برس کے لگ بھگ تھی۔ ان سوالوں کے جواب میں کہ حملے کا ممکنہ ذمہ دار گروپ کون سا ہوسکتا ہے یا مارا جانے والا خودکش حملہ آور پہلے سے حکام کو مطلوب تو نہیں تھا، نیاز صدیقی کا کہنا تھا کہ قیاس آرائیوں سے تحقیقات متاثر ہوسکتی ہیں اس لیے ابھی ان سوالوں کے قطعی جواب نہیں دیے جاسکتے۔ انہوں نے یہ تو نہیں بتایا کہ حملے میں کس طرح کا دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا لیکن مواد کی مقدار کے بارے میں بتاتے ہوئے نیاز صدیقی کا کہنا تھا کہ دس کلو گرام سے زیادہ دھماکہ خیز اس حملے میں استعمال ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ حملہ آور کی گاڑی کے علاوہ بھی کوئی اور گاڑی یا مزید لوگ حملے میں شریک تھے۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا امریکی ایف بی آئی بھی اس دھماکے کی تفتیش میں شامل ہوگئی ہے، نیاز صدیقی نے بتایا ابھی تک تمام تر تحقیقات کراچی پولیس نے خود ہی کی ہیں لیکن عموماً اس طرح کے اہم کیسوں میں مختلف ملکی اور غیرملکی اداروں کا اشتراک عمل ہوتا ہے۔ جمعرات کے اس بم حملے کے بعد شہر میں حفاظتی اقدامات سخت ترین کردیے گئے ہیں اور خصوصاً جمعے کو ہونے والی ہڑتال کے تناظر میں حکام ملک کے اس سب سے بڑے شہر میں کوئی بھی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں دکھائی دیتے۔ | اسی بارے میں کراچی بم دھماکے میں تین ہلاک15 November, 2005 | پاکستان کراچی میں بم دھماکہ15 January, 2004 | پاکستان کراچی مسجد میں دھماکہ:15ہلاک07 May, 2004 | صفحۂ اول کراچی میں بم دھماکہ19 September, 2003 | صفحۂ اول | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||