دو امریکی اہلکاروں سمیت چار ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے قریب ایک بم دھماکہ ہوا ہے جس میں امریکی سفارت خانے کے دو اہلکاروں سمیت کم سے کم چارافراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بم دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کا ایک ٹینک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دوسرا دھماکہ بھی ہوا۔ان واقعات میں پینتیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں رینجرز کا ایک اہلکار بھی شامل ہے۔ پولیس کو شبہہ ہے کہ یہ خودکش دھماکے تھے۔ اسلام آباد سے بی بی سی کے نامہ نگار اعجاز مہر نے امریکی سفارتخانے کے ترجمان پیٹر کوزیچ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی قونصل خانے کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ان کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں ایک امریکی سفارتکار جبکہ دوسرا قونصل خانے کا پاکستانی ملازم ہے۔ کراچی میں مقامی وقت کے مطابق نو بج کر پانچ منٹ پر ہونے والا یہ دھماکہ شہر میں سر عبد اللہ ہارون روڈ پر امریکی قونصلیٹ اور میریٹ ہوٹل کے پیچھے نیول سینٹرل سرجری کے سامنے ہوا۔ ایک کار امریکی قونصلیٹ کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ یہ دھماکہ قونصلیٹ کے عقبی داخلے سے چند قدموں کے فاصلے پر ہوا۔ بم سپوزل سکواڈ کے انسپیکٹر اقبال نے بی بی سی کو بتایا کہ بم سوزوکی مہران کار میں فٹ تھاجو دھماکے سے پھٹ گیا جبکہ دیگر گاڑیوں میں آگے لگنے کے بعد دوسرا دھماکہ ٹینکی پھٹنے سے ہوا ہے۔
یہ دھماکہ امریکی صدر جارج بش کے پاکستان دورے سے صرف دو روز پہلے ہوا ہے۔ امریکی صدر گزشتہ روز بھارت کے تین روزہ سرکاری دورے پر دلی پہنچے تھے۔ دلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر بش نے کہا کہ انہیں کراچی دھماکے کی اطلاع مل گئی ہے۔ انہوں نے اس واقع میں امریکی فارن سروس کے اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کے پاکستان کے دورے میں تبدیلی نہیں ہوگی۔ ڈی آئی جی انویشٹیگیشن منظور مغل نے شہر کے ہائی سکیورٹی والے اس علاقے میں ہونے والے اس دھماکے میں چار افراد کی ہلاکت اور پینتیس سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دھماکے کے زخمیوں کو پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس شفا اور جناح ہسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے ۔
جناح ہستپال کی ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق زخمیوں میں مراکش کی ایک بچی بھی شامل ہے۔ جبکہ دیگر زخمیوں میں میریٹ کے ملازم، سکیورٹی گارڈ اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔ نیوی کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے چودہ کے قریب جوان زخمی ہوئے ہیں تاہم ان میں زیادہ تر معمولی ز خمی ہیں۔ دھماکے کے بعد ہوٹل کے پارکنگ ایریا میں کھڑی ہوئی دس سے زائد گاڑیوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ نیول ہسپتال کا ایک کمرہ اور میریٹ ہوٹل کا گارڈ روم شدید متاثر ہوئے ہیں۔ زودرار بم دھماکے نے امریکی قونصلیٹ کی عمارت کو بھی ہلا دیا۔ ہوٹل کے بیرونی اور کمروں کے شیشے ٹوٹ گئے اور لوگ ہوٹل سے باہر آگئے۔
بم ڈسپوزل عملے کا خیال ہے کہ بم کسی بڑی گاڑی میں نصب کیے گئے تھے جس کا ایکسل میریٹ ہوٹل کے سیکیورٹی روم پر جا کرگرا۔ بم دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے پورے علاقے کو گھیراؤ میں لے لیا ہے۔ جبکہ دھماکے والی جگہ کو شامیانے لگاکر بند کردیا گیا ہے۔ | اسی بارے میں کراچی بم دھماکے میں تین ہلاک15 November, 2005 | پاکستان کراچی میں بم دھماکہ15 January, 2004 | پاکستان کراچی مسجد میں دھماکہ:15ہلاک07 May, 2004 | صفحۂ اول کراچی میں بم دھماکہ19 September, 2003 | صفحۂ اول | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||