’ کالاباغ تو بنے گا، آگے کی بات کریں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان حکومت کے حامی سندھی اراکین پارلیمان نے صدر جنرل پرویز مشرف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئین میں ترمیم کر کے اگر یہ شق شامل کریں کہ ’ کالا باغ ڈیم سے جس دن کوئی نہر نکلی اُس دن سندھ از خود آزاد ملک بن جائے گا اور پاکستان کا حصہ نہیں ہوگا‘ تو وہ کالا باغ ڈیم بنانے کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔ اپنی نوعیت کی اس انوکھی آئینی ترمیم کی شرط سابق نگران وزیراعظم کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عبدالغفار خان جتوئی نے پیش کی اور ان کے کچھ ساتھیوں نے اس کی تائید کی۔ کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے کے سلسلے میں انیس دسمبر کی رات وزیراعظم ہاؤس میں جب حکمران جماعت کے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے وزراء اور اراکین پارلیمینٹ نے یہ تجویز صدر کو پیش کی اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ بھی موجود تھے۔ اس بارے میں رابطہ کرنے پر ڈاکٹر غفار جتوئی نے کراچی سے فون پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے صدر کو تجویز پیش کرنے کی تصدیق کی اور مزید بتایا کہ چودھری شجاعت حسین اور سید مشاہد حسین نے رضامندی ظاہر کر دی تھی اور صدر جنرل پرویز مشرف اس پر خاموش رہے۔ ایک اور سندھی رکن اسمبلی نے بتایا کہ کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے حاصل کرنے کی خاطر بلائے گئے اس اجلاس کے شروع ہوتے ہی صدر نے تلخ لہجے میں کہا ’کالا باغ ڈیم ضرور بنے گا اس سے آگے بات کریں۔ آپ کو کیا چاہیے،۔ ان کے مطابق صدر کے اس دھمکی آمیز آغاز کے بعد بیشتر وزراء اور اراکین پر خوف طاری ہوگیا لیکن اس کے باوجود بھی وزیرِ پانی و بجلی لیاقت جتوئی، مملکتی وزیر برائے خوراک وزراعت محمد علی ملکانی اور دیگر نے دبے الفاظ میں ڈیم کی مخالفت کی اور کہا کہ ’سر آپ کی مرضی، باقی سندھی کبھی کالا باغ ڈیم پر راضی نہیں ہوں گے‘۔ علالت اور ضعیف العمری کے باعث وہیل چیئر استعمال کرنے والے عبدالقدوس راجڑ کا تعلق پیر پگاڑہ کی فنکشنل مسلم لیگ سے ہے لیکن انہوں نے بھی کہا ہے کہ پیر صاحب بیشک کالا باغ ڈیم کی حمایت کریں لیکن لوگ نہیں مانیں گے۔ | اسی بارے میں کالا باغ ڈیم کے خلاف مظاہرہ20 December, 2005 | پاکستان کالا باغ ڈیم: ق لیگ اتفاق نہ کر سکی 19 December, 2005 | پاکستان بلوچستان: کالا باغ ڈیم پر تقسیم 17 December, 2005 | پاکستان کالا باغ: حکومت، اپوزیشن ایک 15 December, 2005 | پاکستان کالا باغ ڈیم، رپورٹ جلد آئےگی03 February, 2005 | پاکستان کالا باغ پر جلد فیصلہ ہوگا: مشرف17 December, 2004 | پاکستان کالا باغ ایک سازش: قوم پرست14 September, 2003 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||