نون سے علیحدگی قاف میں شمولیت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ نواز لاہور کے صدر حاجی محمد حنیف نے اپنے بیٹے سمیت حکمران مسلم لیگ میں شمولیت اخیتار کرلی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعلان وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے ہمراہ ان کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ حاجی حنیف نے کہا کہ انہوں نے موجودہ حکومت کی ترقیاتی کاموں سے متاثر ہو کر حکمران جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے ان کے بقول وہ ایسا کرکے اہل لاہور کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ نواز کے حلقوں کاکہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو ضلعی ناظم کے انتخاب کے لیے پارٹی کی حمایت چاہتے تھے جو انہیں نہیں مل سکی تھی۔ مسلم لیگ نواز نے رانا مشہود کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ انہیں کو حکمران جماعت کے حمایت یافتہ امیدوار میاں عامر محمودکے مقابلےمیں متحدہ اپوزیشن کی طرف سے الیکشن لڑایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے حاجی حنیف کے صاحبزادے ادریس کو راوی ٹاؤن کے ناظم کے امیدوار کی ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن انہوں نے اپنی پارٹی چھوڑ دی اب وہ اپنے بیٹے کے لیے حکمران جماعت کی طرف سے ضلعی نائب ناظم اور اپنے لیے وزیر اعلی کے مشیر کی نشست کی خواہش رکھتے ہیں اور انہی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے اپنی پارٹی سے بے وفائی کی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان کا پارٹی چھوڑ جانا اس جوڑ توڑ کا حصہ ہے جو ضلعی ناظم کے انتخاب کے لیے لاہور میں شروع ہوچکی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||