بلوچستان میں ملے جلے نتائج | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکمران مسلم لیگ اور جمیعت علماء اسلام کے حمایتی امیدوارار اب تک کے نتائج کے مطابق بلوچستان میں نسبتاً زیادہ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں ۔ ضلع پشین میں اور قلعہ سیف اللہ میں جمیعت علماء اسلام فضل الرحمان گروپ کے امیدوار چھائے رہے۔ پشین سے آمدہ اطلاعات کے مطابق اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق جمعیت کے حمایتی امیدواروں نےاڑتیس میں سے اکیس نشستیں حاصل کی ہیں دوسرے اور تیسرے نمبر پر پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی اور حکمران مسلم لیگ کے امیدوار ہیں۔ قلعہ سیف اللہ میں بھی جمعیت کے حمایتی ارکان سبقت حاصل کر چکے ہیں۔ قلعہ سیف اللہ وہ علاقہ ہے جس کے بارہ میں بلوچستان اسمبلی میں کافی بحث ہوئی ہے اور حزب اختلاف کے ارکان یہ الزام لگاتے رہے ہیں کہ سالانہ ترقیاتی فنڈز کا بڑا حصہ اس علاقے کے لیے مختص ہے۔ یہ علاقہ مجلس عمل کے سینیئر صوبائی وزیر ترقیات اور منصوبہ بندی مولانا عبدالواسع کا ہے۔ حکمران مسلم لیگ اس وقت مجموعی طور پر سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے ۔ مسلم لیگ کے حمایتی امیدواروں نے صوبے کے جنوبی اور شمالی دونوں علاقوں میں نشستیں حاصل کی ہیں بارکھان میں آٹھ یونین کونسلز میں سے چھ مسلم لیگ کے حمایتی امیدواروں نے حاصل کی ہیں اس طرح مستونگ نصیر آباد جعفر آباد اور گوادر میں بھی حکمران جماعت نے بڑی تعداد میں نشستیں حاصل کی ہیں۔ ضلع بولان میں رند اور کرد قبائل کے مابین مقابلہ رہا ہے اور دونوں گروہ حکمران جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ یہ کامیابی کے لیے ایک چال تھی۔ یاد رہے کہ بارکھان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر نائب صدر میر باز کھیتران نے الزام لگایا ہے کہ بارکھا ن میں مقامی انتظامیہ حکمران مسلم لیگ کے حمایتی امیدواروں کی کامیابی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستوں میں اس طرح ردو بدل کیا گیا ہے کہ ان کے ووٹرز سارا دن پولنگ سٹیشن ڈھونڈتے رہے۔ بلوچ قوم پرست جماعتوں میں ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی نیشنل پارٹی زیادہ نشستیں حاصل کر پائی ہے ۔ نیشنل پارٹی نے مستونگ گوادر اور خضدار میں نشستیں جیتی ہیں۔ یاد رہے نواب اکبر بگٹی کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں تمام چودہ یونین کونسل میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں اور ان سب کا تعلق جمہوری وطن پارٹی سے بتایا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||