سندھ : حکمران اتحاد کا پلڑا بھاری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی سمیت اندرون سندھ کے اضلاع سے غیر سرکاری نتائج موصول ہونے شروع ہوگئے ہیں اور پورے صوبے میں سرکاری حمایت یافتہ گروپوں کو برتری حاصل ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم، ٹھٹہ میں حکومت کا حامی شیرازی گروپ، میرپورخاص میں ایم کیو ایم، حکومت کے حامی خوشحال پاکستان اور فقیر دوست، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں فقیر دوست، نوشہرو فیروز میں جتوئی گروپ، جیکب آباد اور کشمور میں حکومت کے حامی مقامی گروپوں کو اکثریت حاصل ہے۔ رٹرننگ افسران اور الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق کراچی کے بن قاسم ٹاؤن میں تین یونین کونسل پر عوام دوست ایک پر آزاد اور ایک یونین کونسل پر عوام دوست اور الخدمت گروپ کے مشترکہ پینل نے کامیابی حاصل کی ہے۔اس ٹاؤن میں کل آٹھ یونین کونسلز ہیں۔ کراچی کے دیہی علاقےگڈاپ ٹاؤن کی کل آٹھ یونین کونسلوں میں سے دو پر پیپلز پارٹی کے حامی عوام دوست پینل نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ٹھٹہ ضلع کی اڑتالیس یونین کونسل میں حکومت کے حامی شیرازی گروپ کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ایک پر عوام دوست جبکہ چار پر حکمران جماعت کے ایک گروپ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ سندھ میں سب سے زیادہ وزراء اور سرکاری عہدہ رکھنے وال ضلع جیکب آباد ضلع میں انیس یونین کونسل پر خوشحال پاکستان ۔ سات پر عوام دوست ایک پر نواز لیگ کے حمایتی اور ایک پر آزاد امیدوار ناظم کامیاب ہوئے ہیں۔ کشمور ضلع میں حکومت کے اتحادی سلیم جان مزاری گروپ کے پندرہ ۔ ہزار خان بجرانی گروپ کے سات اور ایک پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ غلام مصطفیٰ جتوئی کے ضلع میں نوشہرو فیروز کی چھ ، مورو کی دس، بھریا کی تین اور کنڈیارو کی دو یونین کونسلوں میں خوشحال پاکستان کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ یہاں پر کل اکاون یونین کونسل ہیں۔ جن میں سے عوام دوست پینل کے کل چار امیدوار جیت گئے ہیں۔ تھرپارکر میں مزید پانچ یونین کونسل پر حکومت کے حامی خوشحال پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔ کل چوالیس یونین کونسل میں سے اٹھتیس پر پہلے ہی خوشحال پاکستان کے امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ جبکہ فقط ایک یونین کاؤنسل پر عوام دوست امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دو ایم این ایز پیر آفتاب شاہ جیلانی اور قربان علی شاہ کے حلقہ انتخاب میرپورخاص کی چھ یونین کونسلوں میں ایم کیو ایم، چھ یونین کونسلوں پر پیر پگارا کی فنکشنل مسلم لیگ کے فقیر دوست گروپ کے اور ایک ایک پر خوشحال پاکستان اور آزاد گروپ کے امیدوار کامیاب ہوگے ہیں۔ جبکہ چار عوام دوست ناظم بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ یہاں پر کل یونین کونسلوں کی تعداد اکتالیس ہے جس میں سے دو پر بلا مقابلہ امیدوارکامیاب ہوچکے ہیں۔ جن میں ایک آزاد اور ایک کا تعلق فقیر دوست گروپ سے ہے۔ سندھ اسیمبلی کے اسپیکر سید مظفر حسین شاہ کے آبائی تعلقہ عمرکوٹ کی کل بارہ کی بارہ اور تعلقہ پتھورو کی تین یونین کونسلز کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جن پر فقیر دوست گروپ کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ پی پی کے یوسف تالپور کے حلقہ انتخاب کنری میں حکومت کے اتحادی میمن گروپ نے چھ اور عوام دوست پینل نے ایک یونین کونسل میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سامارو میں چار یونین کونسلز پر حکومت کے حامی امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔ پیر پگارہ کے مریدوں کے اکثریتی ضلع سانگھڑ میں بیس یونین کاؤنسلوں میں فقیر دوست۔ چار پر عوام دوست اور ایک پر مرحوم محمد خان جونیجو کے بیٹے کے گروپ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ سندھ میں تئیس اضلاع میں دس میں نچلی سطح یعنی یونین کونسل کے بلدیاتی انتخابات آج جمعرات کے روز ہوچکے ہیں۔ ایک ضلع گھوٹکی میں انتخابات ملتوی کردئے گئے ہیں جبکہ باقی اضلاع میں پچیس اگست کو انتخابات ہونگے۔ ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر نائن زیرو نے دعوی کیا ہے کہ انہیں کراچی کی ایک سو پچیس یونین کونسلز میں برتری حاصل ہے۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ان کے دس یونین کونسل کے نظام کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ 34 یونین کونسلز میں ان کو برتری حاصل ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||