ریاض سہیل بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی |  |
 |  فاروق ستار جمعرات کی شب اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ جماعت اسلامی کے دفتر ادارہ نور الحق پہنچ گئے |
کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں ایک دوسرے کے سخت حریف ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں میں مذاکرات ہوئے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رہنما فاروق ستار جمعرات کی شب اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ جماعت اسلامی کے دفتر ادارہ نور الحق پہنچ گئے جہاں انہوں نے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان اور جماعت کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے بعد میں صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شہر کی بہتری چاہتے ہیں اور اس کے لیے سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ ہمیں شہر کے بہتری کے لیے مشترکہ سوچ اختیار کرنا چاہیے۔ نعمت اللہ خان نے صحافیوں کو بتایا ایم کیو ایم کو اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا پڑیگا۔ انہوں نے شہر کو تباہ کیا ہے۔ ہاتھ ملانے سے کچھ نہیں ہوتا انہیں اپنی ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگنی ہوگی۔ مبصروں کا کہنا ہے کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایم کیو ایم نے نرم رویہ اختیار کیا ہوا ہے اور پولنگ کے بعد حریف کے پاس جانا بھی اسی عمل کا ایک حصہ ہے۔ |