پولنگ سے قبل ہی بیلٹ باکس بھر گئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کے ایک پولنگ سٹیشن پر پولنگ سے قبل ہی بیلٹ باکس بھرے ہوئے پائے گئے۔ شہر کے مصروف علاقے برنس روڈ کے وومن کالج پولنگ سٹیشن پر صبح سوا آٹھ بجے جب بیلٹ باکس دیکھے گئے تو ان میں سے بعض پہلے سے بھرے ہوئے تھے جب کہ بعض کی سیلیں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ ان بیلٹ باکسوں میں نمبر کے ایس 1265، 0441، 0809، 1267 شامل ہیں۔ اس موقع پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافی بھی موجود تھے جنہوں اس صورتحال کو دیکھا اور تصویریں بھی بنائیں۔ پریذائیڈنگ افسر احمد سلیمان نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں جب سرکاری طور پر یہ بیلٹ بکس ملے تو ایسے ہی ملے ہیں، اور ہم ان پر ہی کام کر رہے ہیں۔ اس علاقے میں متحدہ مجلس عمل کے الخدمت گروپ اور متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے حامی امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
الخدمت پینل کے پولنگ ایجنٹوں کا کہنا ہے کہ قواعد کے مطابق پولنگ شروع ہونے سے پہلے خالی بیلٹ بکس امیدواروں یا ان کے پولنگ ایجنٹوں کو دکھائے جاتے ہیں۔ الخدمت پینل نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے مخالف پینل نے پہلے سے بیلٹ بکس بھر کر رکھ دیے ہیں۔ اس موقع پر شدید کشیدگی بھی پیدا ہوگئی تاہم بعد میں رینجررز کے افسر نے پہلے سے بھرے ہوئے بیلٹ بکس اپنے قبضے میں لے لیے۔ سنی تحریک نے الزام عائد کیا ہے کہ پولنگ کے مقامات پر بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ تحریک کے ترجمان کا کہنا ہے امیدواروں کے پولنگ کیمپ پولنگ اسٹیشن سے کم از کم دو سو گز کے فاصلے پر قائم ہوتے ہیں لیکن ایم کیو ایم کے حامی امیدواروں نے شہر کے چاروں اضلاع میں بیشتر مقامات پر پولنگ کیمپ پولنگ اسٹیشن کی دیواروں کے ساتھ قائم کیے ہوئے ہیں اور پولنگ اسٹیشنوں کے ساتھ دیواروں پر بیلٹ پیپر کے رنگ کی سیاہی سے ایم کیو ایم کے امیدواروں کے بارے میں چاکنگ کی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کئی پولنگ اسٹیشنوں پر بوتھ نمبر بھی لکھے ہوئے نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لیاقت آباد میں ان کے انسان دوست پینل کے پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ پر جاتے ہوئے مخالف پینل نے روکا، ہراساں کیا اور تلاشی لینے کے بعد دھمکیاں دی۔ ڈی آئی جی پولیس آپریشنز کے دفتر میں قائم شکایتی سیل پر موجود میجر ارشد نے بی بی سی آن لائن سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کئی علاقوں میں پولنگ عملے یا پھر ایجنٹوں کے نہ پہنچنے کی وجہ سے پولنگ دیر سے شروع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا بعض مقامات پر فائرنگ کی اطلاعات ملی ہیں تاہم قانون نافذ کرنے والے اہلکار جائے وقوعہ پرگئے ہیں اور مزید تفصیلات ملنے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔ ضلعی حکومتوں کے انتخابات کے لیے ملک کے ترپّن اضلاع میں صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہوگئی ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہےگی۔ کراچی شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ دیر سے شروع ہوئی اورصبح کے وقت رش نظر نہیں آیا۔ پولیس اور رینجرز کی نفری ہر پولنگ اسٹیشن کے باہر تعینات ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||