لاہور: پہلی بارش میں 7 افراد ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مون سون کی پہلی بارش کے دوران لاہور میں کم از کم سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ بارشیں ملک کے دیگر حصوں میں بھی ہوئی ہیں لیکن اس کا سب سے زیادہ زور لاہورمیں رہا جہاں محکمہ موسمیات نے اس کی مقدار ایک سو سینتیس ملی میٹر بتائی ہے۔ پولیس اور امدادی کام کرنے والے محکموں کے ذرائع نے موسلادھار بارش سے چھت گرنے ، کرنٹ لگنے اور ٹریفک حادثات میں سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ شمالی چھاؤنی گلدشت ٹاؤن میں چائے ایک ہوٹل کی چھت گرنے سے دو مزدور ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔ ماڈل ٹاؤن میں بیس سالہ ماں کے کہنے پر چائے کے لیے چینی لینے بازار گیا لیکن بجلی کے کھمبے سے چھو جانے سے ہلا ک ہوگیا۔ راوی روڈ کے علاقے ٹمبر مارکیٹ میں مختلف مقامات پر ڈھائی ڈھائی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔ اسی دوران بچوں اور ایک خاتون کو لے جاتا ہوا موٹرسائیکل سوار بجلی کے ایک کھمبے کے نزدیک گر گیا جس سے موٹر سائیکل سوار، اس کی پانچ اور سات سال کی دو بھتیجیاں کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ اس کی بھابی اور بھابی کا پانچ ماہ کا بچہ زخمی حالت میں ہسپتال داخل کر دئیے گئے۔ ٹاؤن شپ میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون پروین ہلاک اور اس کے پانچ بچے زخمی ہوگئے۔ مون سون کی پہلی بارش نے لاہور میں درجہ حرارت گرا دیا ہے محکمہ موسمیات نے لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت انتیس اعشاریہ دو ریکارڈ کیا جو چند روز پہلے تک چھیالس سے بھی بڑھ گیا تھا اور لوگ گرمی سے مرنے لگے تھے لیکن ایک طرف گرمی سے لوگ مررہے تھے تو دوسری طرف بارش نے شہریوں کو مختلف قسم کی مصیبت میں مبتلا کر دیا۔ لاہور میں مختلف شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا جس سے ٹریفک معطل ہوگئی اور کئی لوگ اپنے کام کاج پر نہیں جاسکے۔ پانی بے شمار گھروں میں داخل ہو گیا اور کئی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔ لاہور کے علاوہ مون سون نے سیالکوٹ، سرگودھا، ساہیوال، منڈی بہاءالدین، شورکوٹ، بالاکوٹ، ڈیرہ غازی خان، مظفرآباد اور ان سے ملحقہ علاقوں میں بھی بارش برسائی لیکن ان شہروں میں بارش کی مقدار اوسط کے لحاظ سے لاہور کے مقابلے میں آدھے سے بھی کم رہی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارش کا سلسلے سنیچر کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||