BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 26 May, 2005, 11:51 GMT 16:51 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
سرکاری لیگ بھی احتجاج میں شامل

لیاقت بلوچ
پاکستان میں چھ مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے رہنما لیاقت بلوچ نے بتایا ہے کہ امریکی فوجیوں کے ہاتھوں مبینہ طور پر قرآن کی بےحرمتی کے خلاف ان کی اپیل پر ستائیس مئی کو ہونے والے احتجاج کی حکمران مسلم لیگ نے بھی حمایت کر دی ہے۔

جمعرات کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکمران جماعت مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور صوبہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ پرویز الہٰی نے ان سے رابطہ کر کے ستائیس مئی کے احتجاج کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمعہ کے روز پاکستان سمیت دنیا کے چونتیس ممالک میں احتجاج ہوگا۔ جن میں ان کے بقول ایشیا، امریکہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بڑے احتجاجی مظاہرے کرنے کے انتطامات مکمل کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق اسلام آباد میں اب آبپارہ چوک کے بجائے پارلیمان کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔

لیاقت بلوچ نے بتایا کہ دنیا کے پندرہ ممالک میں اتوار کے روز احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ لیکن ان ممالک کے نام اور مزید تفصیلات انہوں نے نہیں بتائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی حکومت عالم اسلام سے معافی مانگے اور یہ ان کی وضاحتیں قبول نہیں کریں گے۔

مذہبی جماعتوں کے اتحاد کے سرکردہ رہنما نے اسلامی ممالک کی تنظیم ’او آئی سی‘ کو مردہ قرار دیتے ہوئے مسلمان ممالک کے حکمرانوں پر نکتہ چینی کی۔

انہوں نے بتایا کہ ستائیس مئی کو ہونے والے احتجاج میں شرکت کے لیے انہوں نے حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں اور اقلیتوں کے گروپوں کے ساتھ بھی رابطہ کیا ہے اور جنہوں نے انہیں شرکت کا یقین بھی دلایا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ سے شائع ہونے والے ہفت روزہ ’نیوز ویک‘ نے خبر شائع کی تھی کہ کیوبا کی خلیج گوانتانامو میں واقع امریکی قید خانے میں امریکی فوجیوں نے قرآن کی بےحرمتی کی ہے۔

اس خبر کے بعد افغانستان میں پرتشدد مظاہرے کیے گئے جس میں کچھ افراد مارے بھی گئے لیکن پاکستان میں متحدہ مجلس عمل کی اپیل پر چھوٹے موٹے پرامن مظاہرے ہوئے تھے۔

جس کے بعد اس اتحاد نے ستائیس مئی کو ملک بھر میں بھرپور مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔

ستائیس مئی کے مظاہروں میں متحدہ مجلس عمل نے شرکت کے لیے دنیا کی متعدد اسلامی تنظیموں کو خطوط بھی لکھے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں حزب اختلاف کے ایک اور اتحاد ’اے آر ڈی‘ نے بھی قرآن کی بےحرمتی کے خلاف احتجاج کی حمایت کی تھی۔ لیکن اس اتحاد کی ایک اہم جماعت پیپلز پارٹی کے، جسے صدر جنرل پرویز مشرف ’لبرل‘ جماعت کہتے ہیں، بعض رہنما کہتے ہیں کہ وہ قرآن کی بےحرمتی کی مذمت کرتے ہیں لیکن مجلس عمل کے احتجاج میں شرکت نہیں کریں گے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد