مسلمان ملک: احتجاجی پروگرام | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ خلیج گوانتانامو میں امریکی فوجیوں کی جانب سے قران کی بے حرمتی کے خلاف ستائیس مئی کو دنیا بھر میں اسلامی تحریکیں احتجاجی مظاہرے کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے کال کی اپیل کی ہے۔ اسلام آباد میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ یہ فیصلہ برطانیہ، امریکہ، مصر، ملائشیا، انڈونیشیا اور ترکی سمیت کئی ممالک کی پچیس اسلامی تنظیموں سے رابطے کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے کئی تنظیموں سے جواب بھی موصول ہو گئے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر مصر کی اخوان المسلمین تنظیم، ملائشیا کی بعث پارٹی اور ترکی کی سعادت پارٹی کا حوالہ دیا۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ خلیج گوانتانامو کے علاوہ ابو غریب جیل میں بھی قران کی بے حرمتی کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکی فوجی دوسرے مذاہب کی بے حرمتی کے لئے مشہور ہیں۔ انہوں نے امریکی فوج کے سربراہ جنرل رچرڈ ٹائرز کے اس بیان پر کہ خلیج گوانتانامو میں قران کی بے حرمتی کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہا کہ اس سلسلے میں وڈیو اور تصاویر موجود ہیں۔ مجلس عمل کے صدر نے کہا کہ قران کی بے حرمتی ایک انتہائی غیر انسانی فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بے حرمتی میں پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف بھی برابر کے شریک ہیں جنہوں نے لوگوں کو پکڑ کر امریکہ کے حوالے کیا۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ ستائیس مئی اُمہ کی یکجہتی کا دن ہو گا جس میں دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ نہ ہی مسلمان کسی کے مذہبی جذبات مجروع کرتے ہیں اور نہ ہی کسی کو اپنے مذہب کی توہین کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ مجلس عمل کے صدر نے کہا کہ انہوں نے مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی کا اجلاس بلانے کے لئے تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو خطوط ارسال کئے ہیں کہ وہ قران کی بے حرمتی کے مسئلے پر تنظیم کا خصوصی اجلاس بلائیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||