ایم ایم اے کا احتجاج 13 مئی کو | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس نے جمعہ 13 مئی کو ملک بھر میں احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے- جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے رہنما سید منور حسن نے منگل کے روز صحافیوں کو بتایا کہ گوانتانامو میں قرآن کی بے حرمتی اور امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز میں پاکستانیوں کےکارٹون کی اشاعت خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائےگا- امریکی رسالے نیوز ویک نے رپورٹ دی تھی کہ امریکی تفتیش کار مسلمان قیدیوں کو اذیت پہنچانے اور ان کی اعصاب شکنی کےلئے قرآن کو بیت الخلا میں رکھ دیتے تھے- اس رپورٹ کے بعد پاکستان حکومت نے امریکہ سے اظہار افسوس کیا اور مطالبہ کیا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے- بعد میں قومی اسیمبلی بھی متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کرچکی ہے- گزشتہ ہفتے واشنگٹن ٹائمز نے ایک کارٹون شائع کیا تھا جس کی اشاعت کے بعد امریکہ میں پاکستان کے سفارت خانے کے ایک اہلکار نے امریکی حکومت سے احتجاج کیا تھا اور اگلے روز پاکستان کی قومی اسمبلی نے ایک متفقہ قرار داد منظور کی تھی جس میں اس کارٹون کی اشاعت پر اخبار کی مذمت کی گئی تھی۔ سید منور حسن نے کہاکہ پاکستانی حکمران امریکہ کے آگے دم ہلارہے ہیں- ’صدر جنرل مشرف نے امریکی غلامی قبول کرکے ملک و قوم کو عالمی سطح پر ایک حقارت آمیز صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔‘ جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ یہ حکرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی جارہی ہے اور پاکستانیوں کے خلاف کارٹون شائع کیے جا رہے ہیں- انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اگر یہ پالیسی جاری رہی تو پاکستان کو اور بھی برے دن دیکھنے پڑیں گے- انہوں نے کہا کہ گوانتانامومیں قیدیوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا جارہا ہے- ادھر سندھ اسیمبلی نے بھی منگل کے روز ایک متفقہ قرارداد منظور کی ہے جس میں قرآن کی بے حرمتی اور پاکستان کے خلاف کارٹون کی اشاعت کی مذمت کی گئی ہے- قرارداد حزب اختلاف کے قائد نثار احمد کھڑو نے پیش کی تھی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا- |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||