پولیس اہلکاروں سمیت 9 ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بغداد میں مزاحمت کاروں کی کارروائی سے پانچ پولیس اہلکار اور چار عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ دارالحکومت بغداد کے نواح میں قائم ایک ناکے پر حملے کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ یہ واقعہ بغداد کے جنوب کو جانے والی شاہراہ پر پیش آیا جس میں تقریباً تیس مسلح حملہ آور ملوث تھے۔ اس کے بعد ذافرانیہ کے علاقے میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں چار عام شہری ہلاک اور بارہ زخمی ہو گئے۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب وزیراعظم ابراہیم جعفری کی زیر قیادت عراق کی نئی حکومت میں سات سرکاری وزارتوں کو پُر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ امریکی فوج کے زیر استعمال ملٹری کالج کے قریب پولیس ناکے کے قریب ہونے والے حملے کے کچھ ہی دیر بعد کار بم دھماکہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس ناکے کے قریب ایک لاری رکی جس میں سے مشین گنز اور راکٹ سے چلنے والے بموں سے لیس افراد باہر آئے اور ناکے پر ہلہ بول دیا۔ اس کے بعد جھاڑیوں میں چھپے بعض دیگر مزاحمت کار بھی جلد ہی حملہ آوروں کے ساتھ آ ملے۔ جمعہ کو شروع ہونے والے حملوں کے سلسلے میں اب تک ستر جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||