عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ |  |
 |  چند دن قبل ڈیرہ بگتی میں خواتین نے پہلی مرتبہ مظاہرہ کیا تھا (فائل فوٹو) |
بلوچستان کے شہر سوئی میں مظاہرین پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور کوئی دو درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کوئٹہ سمیت کئی علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ڈیرہ بگتی آپریشن کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔ جمہوری وطن پارٹی کے قائد نواب اکبر بگتی نے کہا ہے کہ مقامی لوگ انتظامی افسر کے دفتر کے سامنے مظاہرے کے بعد واپس آرہے تھے کہ ان پر فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے فائرنگ کر دی جس میں کم سے کم ایک شخص ہلاک اور دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فرنٹیئر کور کے ترجمان نے کہا ہے کہ سوئی میں کچھ شر پسندوں نے ڈیفنس سروسز گارڈز کے ایک قافلے پر فائرنگ کی ہے جس سے ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔ اس کے بعد ایف سی کی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں نے فائرنگ کی ہے جس سے ایک شخص زخمی ہوا۔ ڈیرہ بگتی اور سوئی سے آمدہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین پر فائرنگ سے ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کافی زیادہ ہے لیکن اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ ادھر کوئٹہ میں آج قوم پرست جماعتوں کے قائدین نے بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ اس مظاہرے میں حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے علاوہ سابق وزیر اعلی بلوچستان سردار اختر مینگل اور دیگر نے خطاب کیا ہے اور ایف سی کی کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سیاسی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔ |