 |  ’ ڈاکٹر قدیر نے یہ کام اپنی انفرادی حیثیت میں کیا‘ |
پاکستان کے وزیر اطلاعات شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک کے جوہری سائنسدان اور ایٹمی پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ایران کو سینٹریفیوجز فراہم کئے تھے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ ان سینٹریفیوجز کی تعداد کا انہیں علم نہیں اور نہ ہی پاکستانی حکومت ان سینٹریفیوجز کی فراہمی میں ملوث ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر نے یہ کام اپنی انفرادی حیثیت میں کیا اور ان کے اس فعل سے پاکستانی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی حکومت پاکستان کہتی رہی ہے کہ جوہری سائنسدان نے شمالی کوریا، لیبیا اور ایران کو جوہری راز فراہم کیے ہیں تاہم اس کی تفصیل پہلے کبھی منظر عام پر نہیں آئی۔ |