سلیم ملک کو باہر جانے کی اجازت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکومت پاکستان نے سلیم ملک کو ایک ماہ کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دیدی ہے تاہم وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ کے مطابق ان کا نام بدستور ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں رہے گا۔ سلیم ملک پر پانچ سال قبل میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی پاداش میں تاحیات کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کردی گئی تھی جس کے بعد سے وہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے کی وجہ سے ملک سے باہر نہیں جاسکے ہیں۔ سلیم ملک خوش ہیں کہ انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے سلیم ملک نے کہا کہ وہ انگلینڈ میں اپنے دوستوں سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سلیم ملک کو اس بات پر افسوس ہے کہ انہوں نے 2002ء سے تاحیات پابندی کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی اب اگلے ماہ جسٹس افتخار چوھدری ان کی اپیل کی سماعت کرنے والے ہیں۔ سلیم ملک کا کہنا ہے کہ انہوں نے کنسٹرکشن کا کام شروع کررکھا ہے جبکہ شام کو وہ باقاعدگی سے گالف کھیلتے ہیں لیکن کرکٹ سے دوری بہت محسوس ہوتی ہے۔ اس سوال پر کہ بھارتی سابق کپتان اظہرالدین کی طرح کمنٹری یا میڈیا کے ذریعے کرکٹ میں واپسی کا ارادہ ہے؟ سلیم ملک نے کہا کہ کرکٹ ان کی زندگی ہے اس سے کیسے دور رہ سکتے ہیں لیکن اس کا انحصار حالات پر ہوگا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||