مناء رانا بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
ایک نجی ٹیلی ویژن کی غلط خبر کے سبب موہالی ٹیسٹ دیکھنے کے خواہشمند سینکڑوں لوگ آج قذافی سٹیڈیم لاہور کے گرد جمع ہو گئے۔ جمعرات کی صبح آٹھ بجے ہی سے قذافی سٹیڈیم لاہور کے گیٹ پر لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں کیونکہ لوگوں کو یہ خوف تھا کہ اگر دیر سے جائیں گے تو کہیں ٹکٹیں ختم ہی نہ ہو جائیں۔ یہ لوگ صرف لاہور ہی تعلق نہیں رکھتے تھے بلکہ فیصل آباد، سرگودھا، گجرانوالا، سیالکوٹ اور کئی دوسرے شہروں سے اس غلط خبر کو سن کر دوڑے چلے آئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے جانا چاہتے ہیں لیکن کوئی یہاں ہماری بات نہیں سنتا اور ہم صبح سے یہاں دھکے کھا رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ میچ سے زیادہ انہیں بھارت جانے کا شوق ہے۔ آج ٹکٹیں فروخت تو نہیں ہوئیں البتہ بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ قذافی سٹیڈیم میں آیا ہوا تھا۔ جس کی آمد کا مقصد موہالی ٹیسٹ کی ٹکٹیں فروخت کرنے اور ویزہ دینے کے لیے کل سے لگائے جانے والے کیمپ کے لیے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ موہالی ٹیسٹ کے لیے ويزوں کا اجراء کل یعنی پچیس فروری سے شروع ہو گا۔ واہگہ باڈر کے ذریعے جانے والے بس یا ٹرین کے ذریعے یا پیدل واہگہ باڈر عبور کر سکیں گے اور جس طرح جائیں گے واپس بھی اسی طرح آئیں گے۔ اسلام آباد میں بلو ایریا میں واقع اور کراچی میں ضیاالدین روڈ پر واقع امریکن ایکسپریس کے دفاتر سے بھی ٹکٹ لی جا سکیں گی۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے موہالی ٹیسٹ کے لیے سات ہزار پانچ سو ٹکٹوں کی درخواست کی ہے۔ |