BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 11 February, 2005, 12:04 GMT 17:04 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بلوچ قوم پرستی کا تاریخی پس منظر

بلوچستان کے کچھ علاقوں پر افغانستان کا بھی دعوی رہا ہے
بلوچستان کے کچھ علاقوں پر افغانستان کا بھی دعوی رہا ہے
بلوچستان میں جاری بلوچ قوم پرستی کی موجودہ تحریک کو سمجھنے کے لیے اس کے تاریخی پس منظر میں جانا ضروری ہے۔ جب پاکستان وجود میں آیا تو موجودہ بلوچستان کے مختلف علاقوں پر آزاد حکمرانی کے تین دعوے دار موجود تھے۔ بلوچ علاقوں پر خانِ قلات، پشتون علاقوں پر نواب جوگیزئی اور کچھ پشتون علاقوں پر افغانستان کا دعوی تھا۔

موجودہ بلوچ قوم پرستی کی جڑیں اس دعوے میں پیوست ہیں جو قیام پاکستان کے وقت قلات کے حکمران احمد یار خان نے کیا تھا کہ برطانوی حکومت کے خاتمہ کے بعد وہ پورے بلوچستان بشمول ڈیرہ غازی خان (جنوبی پنجاب) اور جیکب آباد (سندھ) کے جائز حکمران تھے اور یہ کہ قلات کا پاکستان سے الحاق جبری طور پر کرایا گیا۔

قلات کے خان سترہویں صدی سے خود کو خانِ بلوچ اور خانِ اعظم کہتے تھے۔ انہیں نادر شاہ نے سرداروں کے سردار کا لقب دیا تھا۔

برطانوی دور میں موجودہ بلوچستان چار ریاستوں میں تقسیم تھا جن کے نام تھے۔ بیلا، قلات، مکران اور خاران۔ خانِ قلات کا ہمیشہ دعوی رہا کہ یہ چاروں ریاستیں ان کی تھیں اور انگریزوں کے آنے سے پہلے کم و بیش وہ ان چاروں علاقوں کا حکمران بھی تھے۔ وہ ان ریاستوں کے حکمرانوں کو اپنے تابع سردار کہا کرتے تھے۔

News image
انگریزیوں کی عملداری کوئٹہ اور چند دیگر علاقوں تک محدود تھی

بلوچستان پر خانِ قلات کے انگریز حکومت سے دو معاہدے تھے۔ ایک اٹھارہ سو اٹھتر میں ہوا اور دوسرا انیس سو انتالیس میں۔ انگریزوں نے خانِ قلات سے کوئٹہ، اور نصیرآباد کا علاقہ اجارہ یا کرائے پر لیا ہوا تھا۔ نوشکی اور بولان بھی اجارے پر تھے۔ انگریزوں نے جیکب آباد سے تفتان تک ریلوے لائن کا علاقہ کرائے پر لیا ہوا تھا۔

خانِ قلات اپنی ریاست کے ایک خود مختار حکمران تھے اور ہندوستان کے دوسرے علاقوں کے راجوں کی طرح ہندوستان میں برطانوی حکومت کے ماتحت نہیں تھے۔ صرف کوئٹہ جسے برطانوی بلوچستان کہا جاتا تھا انگریزوں کی عملداری میں تھا۔ انگریزوں کا قانون صرف جیکب آباد اور تفتان ریلوے لائن کے علاقوں پر چلتا تھا۔

کوئٹہ میں اکثریتی آبادی ہندؤوں اور سکھوں کی تھی اور کچھ پارسی باشندے تھے۔ مسلمان بہت ہی کم تھے۔ بلوچستان میں سیاست کرنے کی اجازت صرف کوئٹہ تک محدود تھی جہاں کانگریس اور مسلم لیگ کے دفاتر تھے۔

بلوچستان کے دیگر علاقوں میں جابرانہ ایف سی قانون کے تحت سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں تھی۔

خان قلات کی سوچ یہ تھی کہ انگریز جائیں گے تو ان کےانگریزوں سے کیے ہوئے دونوں معاہدے خود بخود ختم ہوجائیں گے اور کوئٹہ سمیت سب ریاستیں انہیں مل جائیں گی۔

خان قلات کے ایک خود مختار اور آزاد بلوچ ریاست کی سوچ کو برطانوی حکومت کی انیس سو پینتیس میں اس وقت مزید تقویت ملی جب برطانوی حکومت نے خان قلات کو عندیہ دیا کہ اگر انگریزوں کو ہندوستان سے فوری طور پر نکلنا پڑا تو وہ عارضی طور پر ہندوستان کے دیگر علاقوں سے بلوچستان منتقل ہوجائیں گے اور انگریز آبادی اور برطانیہ کے بڑے اثاثوں کو یہاں منتقل کردیں گے اور بعد میں یہاں سے انگلستان جائیں گے۔

News image
کوئٹہ میں ہندوں اور سکھوں کی اکثریت تھی

اس مقصد کے لیے انگریزوں نے خانِ قلات سے قلات ریاست کا ایک آئین بنوایا، حکومت کے لیے ایک کابینہ بنوائی، شوری کا نظام بنوایااور عدالتیں بنوائیں۔ انگریزوں نے اس عرصہ میں یہاں مواصلات کے نظام کو ترقی دی۔ کوئٹہ سے قلات تک سڑک بنائی اور اس کے دونوں طرف درخت لگوائے جو اب تک موجود ہیں۔ گوادر کی بندرگاہ کو ترقی دی تاکہ برطانوی افراد اور سامان کو انگلستان لےجانے کے لیے بحری جہاز لنگرانداز ہوسکیں۔ کوئٹہ کے ارد گرد چار فضائی اڈے بنائے گئے۔

تاہم دوسری جنگ عظیم کے خاتمہ کے بعدانیس سو بیالیس تک انگریزوں کا ارداہ بدل گیا اور انہوں نے بلوچستان کو عارضی پڑاؤ بنانے کے منصوبہ کو ترک کردیا۔

اس پس منطر میں خانِ قلات نے حزب اختلاف کی ایک جماعت قلات نیشنل پارٹی کی بنیاد رکھی تھی جسے بعد میں آنے والے تمام بلوچ قوم پرستوں کی ماں کہا جاسکتا ہے۔

بلوچ نیشنل پارٹی کا آئڈیل یہ نظریہ تھا کہ قالات ایک جدید بلوچ ریاست بنے گا۔ بلوچ نوجوان اس کی طرف راغب ہوئے۔ انیس سو اڑتیس میں خانِ قلات نے خود ہی قلات نیشنل پارٹی کو غیر قانونی قرار دے کر اس پر پابندی لگادی ۔ تاہم اس پارٹی کا فلسفہ جاری رہا اور بعد میں جو قوم پرست سامنے آئے ان کا تعلق ماضی میں اس پارٹی سے رہا تھا۔ اس کے اثرات اب بھی پورے بلوچستان اور بلوچوں میں موجود ہیں۔

بلوچستان میں ژوب اور لورالائی کے علاقوں پر افغانستان کا دعوی رہا ہے۔ انگریزوں نے ٹریٹی آف گندمک کے ذریعے انہیں اپنے زیرانتظام لیا تھا۔ انگریزوں کے جانے کے بعد افغانستان کی نظریں ان علاقوں کو واپس لینے پر تھیں۔

آزاد بلوچستان کا خواب
علی گڑھ سے تعلیم یافتہ غوث بخش بزنجو نے قلات کی اسمبلی میں پاکستان سے الحاق کی مخالفت کی تھی
کوئٹہ سے اوپر پشتون آبادی والے علاقوں میں جواب جوگیزئی پچاس ساٹھ قبیلوں پر مشتمل کاکڑ پشتونوں کے ثقافتی اعتبار سے سب سے بڑے سردار تھے تاہم وہ اس علاقہ کے مالک نہیں تھے۔

جب پاکستان بنا تو نواب جوگیزئی نے ان علاقوں پر اپنی حکمرانی کا دعوی کیا۔ (انیس سو نوے کی دہائی میں رہنے والے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وحید کاکڑ اس علاقہ سے تھے اور اب بلوچستان کے گورنر اویس غنی بھی انہی کے قبیلہ سے ہیں)

چودہ اگست انیس سو سینتالیس کو پاکستان انگریز حکومت کا جانشین بنا۔ کوئٹہ ڈویژن میں شاہی جرگہ میں ریفرنڈم کرایا گیا اور اس نے انیس سو اڑتالیس میں پاکستان سے الحاق کے حق میں ووٹ دے دیا۔ خانِ قلات لسبیلہ، مکران اور خاران کو اپنے تابع ریاستیں قرار دیتے تھے لیکن پاکستان نے انہیں خودمختار ریاستوں کا درجہ دیا اور ان ریاستوں نے پاکستان کے حق میں الحاق کا اعلان کردیا۔

خانِ قلات نے خود مختار بلوچ ریاست کے خیال کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انیس سو سینتالیس میں ریاست کا ایک آئین بنایا جس کے تحت دو ایوانوں پر مشتمل پارلیمان بنائی گئی۔ فروری اور مارچ انیس سو اڑتالیس میں حسب معمول سبی دربار منعقد ہوا۔ خانِ قلات کا دارالحکومت سبی سے دس میل کے فاصلے پر ڈاڈرھا تھا۔ وہاں پاکستان سے الحاق کے لیے قائداعظم کی خانِ قلات سے بات چیت ہوئی لیکن ناکام ہوگئی۔

تاہم کچھ پس و پیش کے بعد خانِ قلات نے الحاق کا اعلان کردیا جسے قوم پرست او بلوچ سردار تسلیم نہیں کرتے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ الحاق فوجی کارروائی کی دھمکی دے کر کرایا گیا۔

قلات نیشنل پارٹی اور قلات کی پارلیمان نے قلات کے پاکستان سے الحاق کی مخالفت کی۔ تاہم کوئٹہ کے سردار اسے درست تسلیم کرتے ہیں۔ قلات کے سردار آج تک یہ کہتے ہیں کہ یہ الحاق جبری تھا اور ہمارا خواب ہے کہ سارا بلوچ علاقہ آزاد ہو گو قلات کے سردار عملی سیاست میں حصہ نہیں لیتے۔ اب خانِ قلات احمد یار خان کا پوتا قلات کا سردار ہے۔

دوسری طرف کانگریس سے وابستہ سیاسی کارکن اور پشتونوں کی جماعت انجمن وطن (عبدالصمد اچکزئی کی جماعت) کے لوگ پاکستان بننے کے بعد گرفتار کرلیے گئے یا خود سے نقل مکانی کرکے افغانستان چلے گئے۔

افغانستان میں ہمیشہ آزاد بلوچستان کی تحریک کا نعرہ بلند کرنے والے عناصر موجود رہے۔ ستر میں بلوچ قوم پرست تحریک کے بڑے رہنما خیر بخش مری ، جو اب موجودہ بلوچ تحریک کے بھی قائدین میں شامل ہیں، ستر کی دہائی کے آخر سے کمیونسٹ حکمران نجیب اللہ کے دور تک طویل عرصہ افغانستان میں اپنے قبیلے کے ساتھ مقیم رہے۔

(دوسری قسط میں دیکھیں گے پاکستان بننے کے بعد بلوچ قوم پرست تحریک کا ارتقا)

بلوچستان باغی کیوں؟
بلوچ رہنما کے بیٹے شہریارمزاری کے خیالات
جمعہ کے اخبارت
بلوچستان مسلسل دوسرے مسائل سے نمایاں
بلوچ،گڈریا یا شرپسند
بلوچستان کی صورتحال پر حسن مجتبیٰ کا کالم
انتیس بھارتی گرفتار
یورپ جانا چاہتے تھے لیکن۔۔
بلوچستان: پسماندگی اور شکایتوں کا لاواپسماندگی اور وفاق
بلوچ پسماندگی اور شکایات کا لاوا ابل رہا ہے
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد